نظام آباد ۔ 3 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس میں منعقدہ پروجاوانی پروگرام کے دوران سماجی کارکن ندیم احمد نے ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری درخواست پیش کی۔ درخواست میں محلہ پھولانگ نظام آباد کے رہائشی شیخ مدار کی معذور پنشن جو گزشتہ کئی برسوں سے بند ہے فوری طور پر بحال کرنے کی گزارش کی گئی۔اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ صدرم سرٹیفیکٹ کے لیے آن لائن درخواست دینے کے باوجود گورنمنٹ ہاسپٹل کی جانب سے تاحال کوئی کال موصول نہیں ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں تین سالہ بچی رضوان سلطانہ اور محمد ارشد علی کے صدرم سرٹیفیکیٹس کے اجرائی کے لیے بھی ضلع کے جوائنٹ کلکٹر کو درخواست دی گئی۔جوائنٹ کلکٹر نے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ سرٹیفیکٹ سیکشن کے افسران کو تحریری ہدایت جاری کی کہ جانچ کے بعد جلد از جلد معذور پنشن بحال کی جائے اور صدرم سرٹیفیکیٹس جاری کیے جائیں۔بعد ازاں شیخ مدار، محمد ارشد علی اور رضوان سلطانہ کے والد محمد سلمان نے سماجی کارکن ندیم احمد کا ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس لے جاکر مسئلہ حل کرانے کی مخلصانہ کوشش پر دلی شکریہ ادا کیا۔