بی جے پی کی فرقہ پرستی کو عوام نے مسترد کردیا: مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد ۔16 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کی کامیابی سیکولرازم کی جیت ہے ۔ بی جے پی نے انتخابات کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی ، مگر وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں میئر کے عہدہ پر کانگریس اور ڈپٹی میئر کے عہدہ پر مجلس کی کامیابی پر مہیش کمار گوڑ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نظام آباد کے عوام سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی کامیابی سے نظام آباد کی ترقی میں مزید تیز رفتار اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی کی نگرانی میں کانگریس پارٹی نے متحدہ ضلع نظام آباد کی بیشتر بلدیات پر شاندار کامیابی درج کی ہے۔ تقریباً 20 سال بعد نظام آباد کا میئر کانگریس پارٹی سے منتخب ہوا ہے۔ کانگریس پارٹی نے پھول فروخت کرنے والے ایک قائد کو میئر کے عہدہ تک پہنچایا ہے ۔ میئر منتخب ہونے والی اوما رانی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایک عام کارکن کا میئر بننا صرف کانگریس پارٹی سے ہی ممکن ہے۔ کانگریس حکومت کی دو سالہ کارکردگی ترقیاتی اور فلاحی کام سے عوام پوری طرح مطمئن ہیں جس کا نتیجہ ہے کہ ریاست بھر میں کانگریس کا پرچم لہرا رہا ہے۔ بی جے پی نے مذہب اور ذات پات کا استعمال کرتے ہوئے نفرت پھیلانے کی کوشش کی ہے لیکن عوام نے اس کو مسترد کردیا ہے ۔ کانگریس حکومت نے انجنیئرنگ کالج قائم کیا، زرعی کالج قائم کیا ، 680 کروڑ روپئے کے مصارف سے سڑ کوں کی توسیع کی ہے جس کی بنیاد پر عوام نے کانگریس پارٹی کو آشیرواد دیا ہے۔ مذہبی جذبات کا استحصال کرنے کی وجہ سے کانگریس پارٹی کو مکمل اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ تاہم مجلس اور بی آر ایس کی تائید سے ہم نظام آباد میونسپل کارپوریشن پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہم نے مجلس سے مقابلہ کر تے ہوئے 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ضلع نظام آباد کی ترقی کیلئے مجلس کے ساتھ مل کر کام کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے، ساتھ ہی بی آر ایس کے واحد امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی جس نے بھی میئر کے انتخاب میں کانگریس کا ساتھ دیا۔ کانگریس پارٹی ذات پات ، مذہب سے بالاتر ہوکر ترقی اور فلاح و بہبود کو مدنظر رکھ کر کام کرنے والی جماعت ہے۔ کانگریس کی اسی پالیسی کی وجہ سے سماج کے تمام طبقات کی کانگریس کو تائید حاصل ہے۔2