نظام کے خلاف سیاسی قائدین کے الزامات ناقابل برداشت

   

قانونی کارروائی کرنے وارث میر حمایت علی مرزا کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ساتویں نظام میر عثمان علی خاں کے وارث میر حمایت علی مرزا نے سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے نظام کے خلاف کی جانے والی تنقید اور لگائے جانے والے گمراہ کن جھوٹے بے بنیاد الزامات کو برداشت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی قائدین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات اور اس سے قبل کے انتخابات میں حضور نظام کا نام گھسیٹنے اور سیاسی مفاد پرستی کے لیے ان پر لگائے جانے والے الزامات کی میر حمایت علی مرزا نے سخت مذمت کی اور کہا کہ نظام کے دور حکومت اور تاریخ کو توڑ جوڑ کر پیش کیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تقاریر میں نظام کا نام لیں ۔ اس مسئلہ پر وہ وزیراعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے علاوہ سنٹرل الیکشن کمیشن کو بھی مکتوب روانہ کرچکے ہیں ۔ میر حمایت علی مرزا نے کہا کہ 1965 میں اس وقت کے وزیراعظم لعل بہادر شاستری حیدرآباد پہونچکر نیشنل ڈیفنس فنڈ کے لیے عطیات طلب کیا تھا ۔ اس وقت نظام میر عثمان علی خاں نے 5 ٹن سونے کا عطیہ دیا تھا ۔ اس سے سیاسی قائدین واقف نہیں ہیں ۔ غیر ضروری ان کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے امیج کو داغدار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔۔ ن