نظم و نسق کو بہتر بنانے آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کی تیاری

   

Ferty9 Clinic

نئے قوانین پر چیف منسٹر کی توجہ، عہدیداروں کی کارکردگی کی بنیاد پر پوسٹنگ

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو ریاست میں بہتر نظم و نسق کیلئے آئی اے ایس عہدیداروں کے بڑے پیمانہ پر تبادلہ کی تیاری کر رہے ہیں۔ حال ہی میں وضع کئے گئے نئے ریونیو ، میونسپل اور پنچایت راج قوانین پر موثر عمل آوری کے مقصد سے چیف منسٹر نے نظم و نسق میں تبدیلی کے ذریعہ متحرک اور مستعد عہدیداروں کو اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سینئر آئی اے ایس عہدیداروںکو نئے قوانین پر عمل آوری کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق آمدنی میں اضافہ سے متعلق شعبہ جات اکسائز و پروہبیشن ، کمرشیل ٹیکسس ، ٹرانسپورٹ اور اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن محکمہ جات پر سینئر عہدیداروں کو متعین کیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ جنوری کے اختتام تک بڑے پیمانہ پر تبدیلیاں کی جائیں گی ۔ کے سی آر نے جاریہ سال فروری میں آخری مرتبہ عہدیداروں کے تبادلے کئے تھے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریاستی نظم و نسق کو نئے قوانین کے علاوہ ترقیاتی اورفلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کے حق میں ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ 2021 ء سے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے نئے دور کا آغاز ہو۔ چیف منسٹر نے محکمہ جات میں غیر ضروری اخراجات کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ زراعت ، پنچایت راج ، میونسپل ایڈمنسٹریشن، پلاننگ اور برقی کے محکمہ جات کی کارکردگی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ فینانس سکریٹری رام کرشنا راؤ کو بتایاجاتا ہے کہ آمدنی میں اضافہ سے متعلق امور کی ذمہ داری دی جائے گی ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار سابق میں اسپیشل چیف سکریٹری کی حیثیت سے دو اہم محکمہ جات کے انچارج رہے اور ان پر زائد بوجھ کم کرنے کیلئے رام کرشنا راؤ کو ذمہ داری دی جاسکتی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر نے اسپیشل چیف سکریٹری سے ضلع کلکٹر تک رتبہ کے عہدیداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ بہتر کارکردگی کی بنیاد پر اضلاع سے عہدیداروںکو حیدرآباد منتقل کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے میں سنجیدہ ہیں۔