کرناٹک کے عوام نے فرقہ واریت کو کچل دیا، 9 مسلم ارکان کی کامیابی
حیدرآباد۔13۔ مئی ۔(سیاست نیوز) کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 9مسلم ارکان اسمبلی کی کامیابی کو یقینی بنایا ہے اور گذشتہ اسمبلی میں موجود 7 مسلم ارکان اسمبلی نے دوبارہ اپنی نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ گلبرگہ (نارتھ) سے جناب قمرالاسلام مرحوم کی اہلیہ محترمہ کنیز فاطمہ نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے۔جناب رضوان ارشد نے شیواجی نگر سے کامیابی حاصل کرلی ۔حلقہ اسمبلی بیدر سے جناب رحیم خان نے اپنے حلقہ سے دوبارہ کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح جناب ضمیر احمد خان نے چمراج پیٹ حلقہ اسمبلی سے کامیابی حاصل کی۔جناب این اے حارث نے شانتی نگر حلقہ اسمبلی سے کامیابی حاصل کی ۔تنویرسیٹھ کو حلقہ اسمبلی نرسمہاراجہ سے کامیابی حاصل کی ہے۔ جناب اقبال حسین نے سابق چیف منسٹر ایچ ڈی کماراسوامی کے فرزند نکھل ویراسوامی کو حلقہ اسمبلی راما نگرا سے شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔جناب یو ٹی عبدالقادر نے منگلورو سے کامیابی حاصل کی ہے۔اس کے علاوہ جناب آصف راجو سیٹھ نے بلگام حلقہ اسمبلی سے کامیابی حاصل کی ہے۔کانگریس نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں جملہ 15مسلم امیدواروںکو میدان میں اتارا تھا جن میں 9 کی کامیابی کو یقینی بنایا گیا جبکہ جنتادل (سیکولر) نے 26 مسلم امیدوار میدان میں اتارے تھے جن میں ایک امیدوار بھی کامیاب نہیں ہوپایا اور بھارتیہ جنتاپارٹی نے ایک بھی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا تھا ۔ 2018 اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے 7 ارکان اسمبلی نے کامیابی حاصل کی تھی جن میں سابق ریاستی وزیر روشن بیگ شامل تھے اور ان کو ڈسمبر2019میں نااہل قرار دیئے جانے کے بعد جناب ارشد رضوان نے شیواجی نگر کی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی جہاں سے وہ دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔