نقلی آٹو موبائیل پرزے فروخت کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

پانچ افراد گرفتار۔ 40 لاکھ روپئے مالیتی نقلی اسپیر پارٹس ضبط
حیدرآباد 29 اگست : ( سیاست نیوز ) : معروف آٹو موبائیل کمپنیوں کے برانڈ کی نقلی اشیاء فروخت کرنے والی شاطر ٹولی کا ایس او ٹی پولیس نے پردہ فاش کردیا ۔ ریٹیل آپریشن ٹیم میڑچل زون نے اہم کارروائی میںآٹو موبائل دھوکہ دہی کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 5 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 40 لاکھ روپئے مالیتی نقلی آٹو موبائل اسپیر پارٹس کو ضبط کرلیا جو نئی دہلی سے سامان منتقل کرتے ہوئے حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر شہروں میں فروخت کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ الوال میں واقع بھاگیہ لکشمی آٹو موبائل پر دھاوا کیا گیا اور 28 سالہ گنپت کماوت ، 32 سالہ سریش چند ، 26 سالہ شراون کمار 38 سالہ امارم کماوت اور 24 سالہ راجو رام کو گرفتار کرلیا ۔ جن کا تعلق راجستھان سے بتایا گیا۔ یہ ٹولی معروف آٹو موبائل برانڈ ہیرو ، ہونڈا اور بجاج کمپنیوں کے نام پر نقلی اسپر پارٹس کو فروخت کررہی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد نقلی اشیاء کو نئی دہلی کے ساکن نویش سے خریدا کرتے تھے جو راجستھان سے تعلق رکھتا ہے اور گرفتار افراد بھی راجستھان سے تعلق رکھتے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ نریش ان نقلی اسپیر کو پرگتی ٹرانسپورٹ سے روانہ کرتا تھا اور اس نقلی اشیاء کو بار کوڈنگ کرکے اصل کمپنیوں کے لیبل لگاکر فروخت کیا جارہا تھا ۔ یہ ٹولی نقلی اسپیر پارٹس کو مارکٹ میں فروخت کرتی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ نقلی اسپیر پارٹس کو حیدرآباد کے 28 ورنگل کے 2 اور سدی پیٹ کے ایک مقام کو سپلائی کرتے تھے ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ع