زوردار آواز کے ساتھ گر کر تباہ، پائلٹ و خاتون ٹرینی پائلٹ کے جسم کے لوتھڑے اڑ گئے
حیدرآباد ۔ 26 فبروری (سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ میں ایک ٹرینی ہیلی کاپٹر زوردار آواز کے ساتھ زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔ اس حادثہ میں پائلٹ کے علاوہ خاتون پائلٹ مہیما ہلاک ہوگئے۔ دونوں کے جسم کے لوتھڑے جگہ جگہ بکھر گئے جس سے ان کی شناخت مشکل ہوگئی ۔ خاتون ٹرینی پائلٹ مہیما کا ٹاملناڈو سے تعلق بتایا گیا ہے ۔ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ دور تک اس کی آواز سنی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری مقام حادثہ پہنچ گئی۔ ساتھ ہی محکمہ مال اور صحت کا عملہ بھی پہنچ گیا اور حادثہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس کا یہ خیال ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر ہائی ٹینشن برقی تاروں سے شائد ٹکرا گیا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ مختلف زاویوں سے اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ تربیتی ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوجانے کی اطلاع ایرفورس عہدیداروں کو بھی دے دی گئی ہے ۔ ضلع نلگنڈہ کے پداپورم منڈل رامناگوڑم تانڈہ کے علاقہ میں یہ ہیلی کاپٹر گر کر ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔ مقامی کسانوں اور مزدوروں نے بتایا کہ جب ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوا، زوردار آواز سنائی دی اور فوری آگ بھڑک اٹھی۔ سارے علاقہ اور اطراف و اکناف میں دھواں پھیل گیا۔ ہم نے فوری مقام حادثہ پہنچ کر اس کی پولیس کو اطلاع دی۔ ناگرجناساگر کی طرف سے یہ ہیلی کاپٹر آیا۔ پولیس نے حادثہ کا شکار ہیلی کاپٹر کی ماچرلہ منڈل، ناگرجنا ساگر وجئے پوری ساوتھ میں واقع فلائی ٹیک ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹیڈ کی ایرکرافٹ کی حیثیت سے شناخت کی ہے۔ن