اتم کمار ریڈی کا دورہ، میونسپلٹی کے جنرل باڈی اجلاس میں شرکت
حیدرآباد: صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ پارلیمانی حلقہ کے نیروڈو چرلہ میونسپلٹی کے جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کی ۔ انہوں نے میونسپلٹی میں ترقیاتی کاموں کی انجامی دہی کیلئے خصوصی دلچسپی لینے کا تیقن دیا اور کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں سے ضروری فنڈس کی اجرائی کی مساعی کریں گے۔ انہوں نے نئی قومی شاہراہ پر حادثات کی روک تھام کیلئے ڈیوائیڈر کی تعمیر اور دیگر احتیاطی تدابیر کا تیقن دیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ان کی نمائندگی پر ایک ہزار کروڑ کے خرچ سے جرچرلہ ، دیورکنڈہ ، ملے پلی ، مریال گوڑہ ، نیروڈو چرلہ ، حضور نگر اور کوداڑ قومی شاہراہ کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ تعمیری کام ایک سال میں مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نکریکل اور ناگرجنا ساگر کے درمیان قومی شاہراہ کے لئے مرکز سے 370 کروڑ کی منظوری حاصل کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی شاہراہ نلگنڈہ سے ہوکر گزرے گی جس سے ضلع کے تمام علاقوں کو فائدہ ہوگا۔ اتم کمار ریڈی نے قومی شاہرہ کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی حلقہ کے تمام میونسپلٹیز میں ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں مرکز سے فنڈس حاصل کریں گے۔ اتم کمار ریڈی نے نیروڈو چرلہ میونسپلٹی کے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ مقامی مسائل اور فنڈس کی ضرورت کے سلسلہ میں ان سے رجوع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے مختلف وزارتوں سے انہوں نے فنڈس کے لیے نمائندگی کی ہے ۔