نمائشوں کے اہتمام کے لیے فائر سرویس سے این او سی کا حصول لازمی

   

اسٹالس میں پکوان سے گریز کے لیے مالکین کو مشورہ ، کمشنر جی ایچ ایم سی کا اہم اجلاس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( این ایس ایس ) : کل ہند صنعتی نمائش میں اس ہفتہ پیش آئے آتشزدگی کے خوفناک واقعہ کے بعد جی ایچ ایم سی کے کمشنر دانا کشور نے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں منعقد ہونے والی تمام نمائشوں کے منتظمین کو اجازت کے ساتھ محکمہ فائر سرویس سے صداقت نامہ عدم اعتراض ( این او سی ) حاصل کرنا لازمی ہوگا ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ( ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی ) کے صدر دفتر واقع خیریت آباد میں منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ نمائشوں کے ضمن میں ضروری اجازت ناموں کے ساتھ پانی کے لیے انتظامات بھی لازمی قرار دئیے گئے ہیں ۔ اس تاثر کا اظہار بھی کیا گیا کہ دوران نمائش بعض اسٹالس مالکین کو اپنی اسٹالوں میں پکوان کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا اور حفاظتی اغراض و مقاصد کے تحت مستقبل میں اس ( اسٹالوں میں پکوان ) سے گریز کیا جانا چاہئے ۔ نمائش شروع ہونے سے قبل محکمہ برقی کے عہدیداروں کو اسٹالوں کا معائنہ کرنا چاہئے ۔ دانا کشور نے کہا کہ ان قواعد اور ضابطوں کو سختی سے روبہ عمل لانے مناسب احکام کے لیے حکومت سے درخواست کی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے کمشنر نے کہا کہ واٹر سپلائی و سیوریج بورڈ کی لائنوں اور برساتی پانی کے بہاؤ کے لیے جی ایچ ایم سی کی لائنوں کے بعض مقامات پر ایک دوسرے سے مل جانے سے سنگین مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔ ایسے 87 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور مانسون سے قبل تکمیل کے لیے 20 کروڑ روپئے کا تخمینہ کیا گیا ہے ۔ دانا کشور نے کہا کہ اجلاس میں آر ڈی اے کے چیف انجینئر کے سواء مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ تین کمشنران پولیس بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ دانا کشور نے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں واقع 3 تا 4 ہزار مین ہولس کی دیکھ بھال و نگرانی سے متعلق کاموں میں تعاون کے لیے ایرٹیل ، بھی ایس این ایل اور جیو جیسی کمپنیوں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔۔