نمائش 2022 منسوخ ۔ کمشنر پولیس نے اجازت نامہ منسوخ کردیا ۔ تاجرین مایوس

,

   

حیدرآباد 6 جنوری (سیاست نیوز) نمائش اس سال بھی نہیں کھولی جائے گی۔ کمشنر پولیس سی وی آنند نے آج جاریہ سال کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے فوری اثر سے بند کرنے کی ہدایت دی۔ 81 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا یکم جنوری کو گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے افتتاح کیا تھا لیکن 2جنوری کو 10جنوری تک بند کرنے احکام دیئے گئے تھے ۔ گذشتہ چند یوم سے شہر و اضلاع میں کورونا مریضوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے جاریہ سال 81 ویں کل ہندصنعتی نمائش کیلئے 31 ڈسمبر 2021کو پولیس کے اجازت نامہ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کرکے نمائش سوسائٹی کو ایک میمو جاری کیا گیا ہے جس میں اجازت نامہ کی تنسیخ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ مسٹر آدتیہ مارگم سیکریٹری نمائش سوسائٹی نے بتایا کہ تمام متعلقہ محکمہ جات سے اجازت کے بعد نمائش کا افتتاح ہوا تھا اور محکمہ پولیس نے مشروط اجازت دی تھی اور کہا تھا کہ حکومت کے احکامات کے مطابق اجازت نامہ کی برقراری کا انحصار ہوگا ۔ مسٹر آدتیہ مارگم نے کہا کہ اسٹالس حاصل کرنے والے تاجرین اگر رقومات واپس حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سوسائٹی رقومات واپس کرنے تیار ہے اور جو تاجرین بکنگ باقی رکھنا چاہتے ہیں ان کو جب بھی نمائش منعقد ہو اسٹال فراہم کی جائیگی۔ انہو ںنے بتایا کہ سوسائٹی نے فیصلہ کیا کہ اسٹالس کو 15فروری تک برقرار رکھا جائے گا کیونکہ اگر حالات میں بہتری آتی ہے تو تاجرین کو کاروبار کا موقع دیا جاسکے۔ نمائش بند کرنے پر تاجرین میں مایوسی ہے ۔ تاجرین اس یقین کے ساتھ آئے تھے اس مرتبہ نمائش میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔م