ایکمینار مسجد جنگاؤں میں پنج شبی شبینہ کا اختتام، حافظ صادق علی کو تہنیت اور خراج تحسین، محمد جمال شریف ایڈوکیٹ ، مولانا محمد انصار اور دیگرکا خطاب
جنگاؤں۔/7مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہِ مقدس رمضان المبارک میں دن میں روزہ اور رات میں نماز تراویح اہم اعمال میں شامل ہیں جس کا مسلمان پابندی سے اہتمام کرتے ہیں اور اللہ کی رضا اور رحمت و برکت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ رمضان میں جہاں نماز تراویح پڑھنا سنت موکدہ ہے وہیں پورے رمضان میں نماز تراویح میں مکمل ایک قرآن مجید پڑھنا یا سننا دوسری سنت موکدہ ہے چنانچہ ہر مسلمان اس کی تکمیل کی مکمل کوشش کرتا ہے، اس مقصد کو پورا کرنے کیلئے ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آتے ہی ایکمینار مکہ مسجد جنگاؤں میں پنج شبی شبینہ کا اہتمام کیا گیا۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کی جانب سے کاروباری مصروف ترین مسلمانوں کیلئے گذشتہ 10 سال سے پابندی کے ساتھ پنج شبی شبینہ کا اہتمام ایکمینار مسجد جنگاؤں میں کیا جارہا ہے۔ اس سال بھی چاند رات سے پنج شبی شبینہ کا اعلان کیا گیا جس پر جنگاؤں کے مسلم نوجوان، بڑے بزرگ حضرات کی کثیر تعداد نماز تراویح میں شریک ہوئی۔ نوجوان حافظ صادق علی (فرزند مولانا نوشادعلی سب ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ حیدرآباد ) نے خوش الحان اور ترتیل کے ساتھ نماز تراویح میں روزانہ 6 پارے قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کی جس کا4 رمضان مطابق 5 مارچ کو اختتام ہوا۔ اس مسرت میں ایک جلسہ کا اہتمام مسجد ایکمینار میں کیا گیا جس کی صدارت مدورکی متوطن بزرگ شخصیت جناب شکور صاحب نے کی۔ اس موقع پر حافظ صادق علی کی شال پوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ حافظ صادق علی کی خوش الحانی پر مصلیوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کم عمر حافظ قرآن ہونے کے باوجود 6 پارے آسانی سے روزانہ قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کی ہے جو قابل رشک ہے، اور ان دنوں وہ دارالعلوم رحمانیہ میں عالم کورس کررہے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے۔تمام مصلیوں نے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جناب جمال شریف ایڈوکیٹ و صدر ایکمینار مکہ مسجد جنگاؤں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ کرم و شکر ہے کہ ہمیں رمضان کی سعادتوں سے گذار رہاہے اور 5 دن میں ایک مکمل قرآن سننے کا موقع نصیب فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ صرف شبینہ کی ادائیگی پر اکتفاء نہ کریں بلکہ رمضان کے اختتام تک تراویح پڑھی جائے جو کہ سنت ہے۔رمضان کے دوران نمازوں کی پابندی کریں اور قرآن مجید کو پڑھنے کا معمول بنالیں۔ انہوں نے کہاکہ کم عمر حافظ صادق علی نے پنج شبی شبینہ میں قرآن مجید کی تلاوت بڑی خوش الحان انداز میں کی ہے اور نماز تراویح کے دوران قرآن کو بڑے ہی اطمینان سے تلاوت کیا ہے۔ اس موقع پر حافظ صادق علی نے رقت انگیز دعا کی۔ اس جلسہ میں مولانا مفتی انصار ایکمینار مکہ مسجد امام نے قرآن اور رمضان کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ جلسہ میں محمد غوثی، آصف، عبدالمنان، محمد اقبال، عظیم، محمد انکشاولی، محمد جاوید، محمد منیر الدین، محمد امام الدین، بابا، انور، ذاکر، منیر الدین نے شرکت کی اور حافظ صاحب کی گلپوشی کی۔ قاری امام الدین نے تلاوت کلام پاک پیش کی۔