پانچ علحدہ بلاکس کا قیام ، 100 کروڑ کے مصارف سے عصری آلات کی خریدی
حیدرآباد ۔22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (NIMS) کے توسیعی منصوبہ کے کام توقع ہے کہ جاریہ سال تک مکمل ہوجائیں گے ۔ نمس میں 2000 اضافی بستروں کے ذریعہ مجموعی گنجائش کو بڑھاکر 3639 بیڈس کردیا جائے گا۔ نمس میں بیڈس کی تعداد 1639 ہے۔ نمس ڈائرکٹر این بھیرپا کے مطابق توسیعی منصوبہ کے تحت 19.54 ایکر اراضی پر تعمیراتی کام جاری ہیں جس پر 1698 کروڑ کے مصارف ہونگے۔ پراجکٹ کی ذمہ داری میگھا انجنیئرنگ انفراسٹرکچر کی ہے۔ نمس کا توسیعی کیمپس 4 بلاکس پر مشتمل رہے گا۔ بلاک A میں آؤٹ پیشنٹ خدمات رہیں گی جبکہ بلاک B اور C میں ان پیشنٹ رہیں گے ۔ بلاک D ایمرجنسی خدمات کیلئے رہے گا۔ تمام چاروں بلاکس 13 منزلہ عمارتوں پر مشتمل رہیں گے اور نمس میں سوپر اسپیشالیٹی ہیلت کیر کامپلکس قائم ہوگا۔ ڈائرکٹر نے بتایا کہ ہاسپٹل کی مین بلڈنگ کے تحت سیول کام جاری ہیں اور 8 منزلیں مکمل ہوچکی ہیں۔ باقی پانچ فلور کے کام ابتدائی مراحل میں ہیں۔ مین بلڈنگ کی تکمیل کے بعد ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ اس علاقہ میں گورنمنٹ اسکول کو منتقل کیا گیا ۔ ایمرجنسی بلاک کے دو فلور مکمل ہوچکے ہیں۔ نمس میں 38 عصری سہولتوں سے آراستہ آپریشن تھیٹرس تیار کئے جارہے ہیں۔ عصری لیباریٹریز قائم کی جائیں گی۔ ہاسپٹل میں 8 نئے سوپر اسپیشالیٹیز شعبے قائم کئے جائیں گے ۔ سرکردہ اور ماہر ڈاکٹرس کی ٹیم کی خدمات حاصل کرکے سوپر اسپیشالیٹی شعبہ جات کا منصوبہ ہے۔ نمس میں 3 سی ٹی اسکیان مشین ، 2 ایم آر آئی مشین ، کیتھ لیابس ، سی ٹی ۔ ایم آر آئی جیسے سہولتوں کے علاوہ ڈیجیٹل لیباریٹری کا منصوبہ ہے۔ 100 کروڑ مصارف سے عصری آلات خریدے جائیں گے۔1