تلنگانہ کی ترقی میں انجینئرس کا اہم رول، نامور انجینئرس کو تہنیت پیش کی گئی
حیدرآباد۔ انجینئرس ڈے کے موقع پر آج حکومت اور انجینئرس کی تنظیموں کی جانب سے تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس کیلئے ریاست کے نامور انجینئرس کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ انجینئرس ڈے کے موقع پر نواب علی نواز جنگ بہادر، ایم وشویشوریا اور آر ودیا ساگر راؤ کے مجسموں کی گلپوشی کی گئی۔ نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے انجینئرس اپنی صلاحیتوں اور خدمات کے اعتبار سے ملک کیلئے مثالی ہیں۔ ایرم منزل، جل سودھا میں انجینئرس ڈے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد اپنے وقت کے نامور انجینئر اور پلانر نواب علی نواز جنگ بہادر کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ ان کے علاوہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے آر ودیا ساگر راؤ کی خدمات کو یاد کیا گیا۔ ونود کمار نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک میں انجینئرس نے اہم رول ادا کیا اور ریاست کی آبی ضروریات کی تکمیل کے سلسلہ میں کئی پراجکٹس کی منصوبہ بندی کی ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ہر سال نواب علی نواز جنگ بہادر کی یاد میں تلنگانہ انجینئرس ڈے کے اہتمام کا چیف منسٹر کے سی آر نے اعلان کیا تھا۔ تلنگانہ کی تعمیر نو میں انجینئرس کلیدی رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والی نسلیں انجینئرس کے رول کو فراموش نہیں کریں گے اور ان کے راستہ پر چلتے ہوئے ریاست میں مزید پراجکٹس کا اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے اسلاف کو یاد کرتے رہیں گے نئی نسل ان کے کارناموں سے واقف ہوپائے گی۔ واٹر ریسورسیس ادارہ کے صدرنشین وی پرکاش، انجینئرس اسوسی ایشن کے صدر وینکٹیش، نامور انجینئر شیوم پرساد ریڈی، دامودھر ریڈی، جناردھن، ویریا، مرلیدھر اور دیگر انجینئرس نے تقریب میں شرکت کی۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر میں بھی علی نواز جنگ بہادر کا اہم رول ہے۔ چیف منسٹر کے او ایس ڈی برائے آبپاشی سریدھر دیشپانڈے اور دیگر عہدیداروں نے تقریب میں حصہ لیا اور اس موقع پر تلنگانہ کیلئے خدمات انجام دینے والے انجینئرس کو تہنیت پیش کی گئی۔
سرکاری عہدیداروں کے خلاف ہتک عزت کے کیسیس کی تیزی سے سماعت کا مطالبہ
سینئر بی جے پی لیڈر جی نارائن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ /11جولائی ( سیاست نیوز)بی جے پی کے سینئر لیڈر جی نارائن ریڈی نے تلنگانہ ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ وہ سرکاری عہدیداروں کے خلاف دائر کئے گئے ہتک عزت کے کیسیس کی تیزی سے سماعت کرے۔ نارائن ریڈی نے خطرناک سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون سے متعلق سپریم کورٹ کی طرف سے ریاستی حکومت کی سرزنش کا خیرمقدم کیا۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی اس قانون کو مخالف پارٹیوں کو کمزور کرنے کے لئے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے ظالمانہ قانون کی فوری منسوخی کا مطالبہ کیا۔