نوجوان یشاسوینی کے مقابل منجھے ہوئے سیاست داں کو شکست

   

26 سالہ ٹکنالوجسٹ نے چھ مرتبہ کے ایم ایل اے اور سابق ایم پی دیاکر راؤ کو شکست دی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ایک ماہ قبل تک 26 سالہ ٹکنالوجی پروفیشنل ، ایم یشا سوینی کو کوئی نہیں جانتا تھا ۔ اچانک وہ اتوار کو سرخیوں میں آگئیں کیوں کہ انہوں نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کسی اور کو نہیں بلکہ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کو شکست دی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دیاکر راؤ چھ مرتبہ ایم ایل اے اور ایک مرتبہ ایم پی رہے ہیں اور انہیں ان کے چار دہوں طویل سیاسی کیرئیر میں کسی انتخابات میں شکست نہیں ہوئی تھی ۔ یشا سوینی کا سفر بہت عجیب ہے ۔ ابتدا میں ان کی ساس ایچ جھانسی راجندر ریڈی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی کی ایما پر حلقہ اسمبلی پالاکورتی سے مقابلہ کرنے کا منصوبہ رکھتی تھیں تاہم شہریت سے متعلق مسئلہ کے باعث انہیں دستبردار ہونا پڑا ۔ یشاسوینی کے ساس ۔ سسر ایچ جھانسی ۔ راجندر ریڈی کی خواہش پر جو کیلیفورنیا امریکہ میں ایک رئیل اسٹیٹ اینڈ پراپرٹی مینجمنٹ کمپنی ، راج پراپرٹیز کے مالک ہیں ، یشاسوینی نے سیاسی میدان میں قدم رکھتے ہوئے انتخابی مقابلہ کیا ۔ ساس جھانسی کی رہنمائی میں انہوں نے پالاکورتی اسمبلی حلقہ میں بلاتکان انتخابی مہم چلائی ۔ ان کے لیے دیاکر راؤ جیسے منجھے ہوئے سیاست دان کا سامنا کرنا آسان نہیں تھا ۔ تاہم انہوں نے تقریبا تمام بستیوں بالخصوص تانڈوں کا احاطہ کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم چلائی ۔ وہ حیدرآباد کے ایم تروپتی ریڈی اور مادھوی کی ختر ہیں ۔ بی ٹیک کرنے کے بعد ان کی شادی ایچ راجا رام موہن ریڈی کے ساتھ ہوئی اور 2018 میں امریکہ منتقل ہوگئی تھیں ۔ اس کے بعد سے وہ ان کے فیملی بزنس کا حصہ بن گئیں ۔ یشاسوینی میں بچپن ہی سے ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا جذبہ ہے ۔۔