نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف کیپٹن امریندر سنگھ کے تین وزرا نے کھولا محاذ، دہلی میں احمد پٹیل سے کی شکایت

,

   

پنجاب کےوزیراعلیٰ کیپٹن امریندرسنگھ اورکابینی وزیرنوجوت سنگھ سدھو کے درمیان پیدا ہوئےاختلافات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ہیں۔ کیپٹن امریندرسنگھ کے تین وزرا نے نوجوت سنگھ سدھوکےخلاف محاذ کھول دیا ہے۔ پنجاب کابینہ کے تین وزرا جمعہ کوسینئر کانگریس لیڈراحمد پٹیل سے دہلی میں ملاقات کرکے شکایت کی ہے۔ چرن جیت چنی، بھارت بھوشن آشو، برہما مہندرا نے سینئر لیڈراحمد پٹیل سے ملاقات کرکے نوجوت سنگھ سدھو کے بارے میں شکایت کی۔

ذرائع کے مطابق کیپٹن امریندرسنگھ کے تینوں وزرا نے نوجوت سنگھ سدھو کے لوکل باڈی وزیررہتے ہوئے خراب کارکردگی کی رپورٹ احمد پٹیل کو دی ہے۔ ذرائع کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو کے اپنے ساتھی وزرا کے ساتھ خراب رویے کو لےکربھی شکایت کی گئی ہے۔ اس کےعلاوہ ابھی تک بجلی محکمہ نہ سنبھالنے کو لے کرہورہی پریشانیوں کے بارے میں بھی شکایت کی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کیپٹن امریندرسنگھ نے 6 جون کوکابینہ میں کئی وزرا کے محکموں میں تبدیلی کی تھی۔ تبھی کیپٹن امریندر سنگھ نے نوجوت سنگھ سدھو کا محکمہ تبدیل کرکے بجلی محکمہ کی وزات دے دی تھی، لیکن نوجوت سدھو نے محکمہ کا چارج ابھی تک نہیں سنبھالا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کانگریس کے سینئر لیڈروں سے مداخلت کی بھی اپیل کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ عہدے یا پھر پنجاب کانگریس صدربنائے جانے کامطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کانگریس کو لوک سبھا الیکشن 2019 میں جن 5 لوک سبھا سیٹوں پرشکست ملی ہے، اسے لے کرکیپٹن امریندر سنگھ نے نوجوت سنگھ سدھو کے شہری ترقیات وزارت کے خراب کاموں کو ذمہ دارٹھہرایا تھا جبکہ اس بارے میں سدھو کا کہنا ہے کہ جن لوک سبھا سیٹوں پرکانگریس کو شکست ملی ہے، اس کی ذمہ داری اجتماعی ہے۔ سدھوکا کہنا تھا کہ ہارکے لئے پنجاب میں پوری ٹیم ذمہ دار ہے۔ صرف انہیں ہی ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جائے، لہٰذا وہ میٹنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔