نودیپ سینی ہندوستان کے 229ویں ونڈے کھلاڑی

   

کٹک۔22 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے تیز گیند باز نودیپ سینی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اتوار کو یہاں تیسرے اور آخری ون ڈے کے لئے ہندستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستان کے 229 ویں ون ڈے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے اس مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندستان نے دوسرا میچ جیتنے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور زخمی فاسٹ بولر دیپک چاھر کی جگہ سینی کو الیون میں شامل کیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز نے اس مقابلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور وہ ہی ٹیم اتاری ہے ۔27 سالہ سینی سال 2019 میں ہندستان کے لئے ون ڈے میں ڈیبو کرنے والے پانچویں کھلاڑی ہیں۔ سینی سے پہلے تیز گیند باز محمد سراج نے آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں، وجے شنکر نے آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں، شبھمن گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف ھیملٹن میں اور شوم دوبے نے اس سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف چنئی میں اپنا ڈیبو کیا تھا۔سینی کی پیدائش ہریانہ کے کرنال میں ہوئی تھی لیکن وہ فرسٹ کلاس میں دہلی کی ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے ہندستان کیلئے پانچ ٹی -20 میچ کھیلے ہیں جن میں انہوں نے چھ وکٹ لیے ہیں۔ انہوں نے فرسٹ کلاس میں 125، لسٹ اے میں 75 اور ٹی -20 میں 36 وکٹ لئے ہیں۔