نومبر تک ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر شروع ہوجائیگی

,

   

سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی مندر کے حق میں آئے گا ۔ بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کے دعوے ۔ ایودھیا کا دورہ

ایودھیا 15 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے دعوی کیا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا کام ماہ نومبر تک شروع ہوجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا جو فیصلہ ہوگا وہ رام مندر کی تعمیر کے حق میںہوگا ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں بابری مسجد۔ رام جنم بھومی حق ملکیت مقدمہ کی سماعت چل رہی ہے ۔ سبرامنیم سوامی دو روزہ دورہ پر ایودھیا آئے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوجا کا حق بنیادی حق ہے اور کوئی بھی اسے چھین نہیں سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ جو مندر وہاں عارضی تعمیر ہے وہ رام کی جائے پیدائش ہے اور اسے نہیں ہٹایا جاسکتا ۔ بی جے پی لیڈر کا یہ ریمارک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ این ڈی اے کی حلیف شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے عمل کو تیز تر کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ شیوسینا سربراہ نے کہا تھا کہ دفعہ 370 کو حف کردئے جانے کے بعد مودی حکومت نے اپنے فیصلہ ساز رویہ کا مظاہرہ کیا تھا ۔ اس دفعہ سے جموںو کشمیر ریاست کو خصوصی موقف حاصل تھا ۔ ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ دفعہ 370 کو ختم کرئے جانے کے بعد اب ایودھیا میں رام مندر تعمیر کئے جانے اور ملک میں یکساں سیول کوڈ نافذ کئے جانے کی باری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابات سے پہلے ہی کہا تھا کہ کشمیر کے مسئلہ کو حل کرلیا جائیگا ۔ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ ہم دفعہ 370 کو حذف کرنے کا موقع نہیں دینگے ۔ اب انہیں نریندر مودی پر فخر ہوتا ہے کہ انہوں نے دفعہ 370 کو حذف کردیا ہے اور اب رام مندر کی تعمیر کی باری ہے ۔ بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے اب یہ دعوی کردیا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی عمارت کی تعمیر کا کام نومبر تک شروع ہوجائیگا ۔ انہوں نے یہ بھی ادعا کیا کہ سپریم کورٹ میں اس مسئلہ پر جو سماعت ہو رہی ہے اس کا فیصلہ بھی مندر کے حق میں آئیگا ۔ واضح رہے کہ ابھی مقدمہ کی سماعت چل رہی ہے اور سبرامنیم سوامی اس طرح کے دعوے کر رہے ہیں۔