وزیر اعظم مودی اور دیگر عالمی قائدین کی جانب سے کیئر اسٹارمر کو مبارکباد
لندن :نو منتخب برطانوی وزیر اعظم کئیر اسٹارمر نے اپنی کابینہ کو حتمی شکل دینا شروع کردیا ہے۔کئیر اسٹارمر کی جانب سے ریچل ریوز کو وزیر فینانس تعینات کیا گیا ہے۔ وہ برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر خزانہ ہوں گی۔اینجلا رائینر کو نائب وزیر اعظم کا عہدہ سونپ دیا گیا ہے جبکہ ڈیوڈ لیمے برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ہوں گے۔جان ہیلے وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے جبکہ پاکستانی نژاد شبانہ محمود کو وزیر انصاف بنادیا ہے۔یوویٹ کْوپر برطانیہ کے نئے وزیرِ داخلہ ہوں گی، بریجٹ فلپسن کو وزیر تعلیم اور ویس اسٹریٹنگ کو وزیر صحت مقرر کیا گیا ہے۔نئے وزیر اعظم کی نئی کابینہ میں ایڈ ملی بینڈ کو وزارتِ توانائی سونپی گئی ہے۔واضح رہے کہ برطانیہ کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد شاہ چارلس کی جانب سے لیبر لیڈر کئیر اسٹارمر کو حکومت بنانے کی دعوت دیدی گئی ہے۔برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی کا 14 سالہ دور ختم ہوگیا ۔ 650 میں سے 648 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں اور لیبر پارٹی نے اب تک 412 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔حکومت سازی کیلئے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور لیبر پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ اسٹارمر کو عالمی قائدین بشمول مودی کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔ وزیر اعظم مودی نے ہفتہ کو برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رہنما کیر اسٹارمر کو فون کرکے مبارکباد دی اور بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔راہول گاندھی نے مکتوبات روانہ کرتے ہوئے نئے وزیر اعظم کئیر اسٹارمر کو مبارکباد دی اور ِشکست سے دوچار رشی سونک کے کاموں کی ستائش کی۔