حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) مشہور باکسر نکہت زرین نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( اسپیشل پولیس ) کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے آج ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر سے ملاقات کی اور جوائننگ رپورٹ حوالے کی۔ واضح رہے کہ باکسر نکہت زرین کو تلنگانہ حکومت نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اسپیشل پولیس ) کے عہدہ پر تقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ اسپیشل چیف سکریٹری ہوم روی گپتا نے جی او ایم ایس 60 مورخہ 13 ستمبر جاری کیا تھا۔ نکہت زرین نے ورلڈ باکسنگ چمپین ترکی جون 2022 میں میڈل حاصل کیا تھا۔ اسپورٹس کوٹہ کے تحت انہیں ڈی ایس پی کے عہدہ پر فائزکرنے کیلئے حکومت سے نمائندگی کی گئی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے نکہت زرین کی نمائندگی کو حکومت سے رجوع کرتے ہوئے سفارش کی۔ ریاستی کابینہ نے یکم اگسٹ 2024 کو نکہت زرین کے تقرر کیلئے قرارداد منظور کی اور حکومت نے سرکاری تقررات سے متعلق قانون میں ضروری ترمیم کرتے ہوئے نکہت زرین کے تقرر کی راہ ہموار کی۔ نکہت زرین کو مختلف شرائط کے تحت ڈی ایس پی کے عہدہ پر فائز کیا گیا ہے اور انہیں اندرون 30 یوم ڈیوٹی جوائن کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وہ دو سال چھ ماہ کی مدت کیلئے پروہبیشن پر رہیں گی اور جملہ مدت 3 سال ہوگی۔ نکہت زرین کو وقتاً فوقتاً حکومت کی ٹریننگ میں حصہ لینا ہوگا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے نکہت زرین کو احکامات تقرر حوالے کرتے ہوئے بہتر خدمات کے سلسلہ میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔1