نیا سکریٹریٹ کامپلکس جلد مکمل ہوجائیگا، چیف منسٹر کے سی آر کا جائزہ اجلاس

   

سیکوریٹی سسٹم پر خصوصی توجہ کی ہدایت، آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل پر بھی زور
حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئے سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر مقررہ پروگرام کے مطابق مکمل کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آر اینڈ بی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے نئے سکریٹریٹ کامپلکس کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ کامپلکس کی تعمیر اختتامی مراحل میں ہے اور جلد ہی استعمال کیلئے تیار ہوجائے گی۔ چیف منسٹر نے وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ اہم کاموں میں تیزی پیدا کریں اور متوازی طور پر سیکوریٹی سسٹم اور دیگر کاموں میں تیزی پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کیلئے مکمل نقائص سے پاک سیکوریٹی سسٹم ضروری ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سیکوریٹی انتظامات کے سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے مشاورت کریں۔ انہوں نے پولیس کمانڈ کنٹرول بلڈنگ کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے آبپاشی پراجکٹس کے تعمیری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے پراجکٹس کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے گوداوری پر تعمیر کئے جانے والے پراجکٹس کی تفصیلی پراجکٹ رپورٹ اور مرکز سے اجازت ناموں کے حصول کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ تمام تفصیلات پیش کرتے ہوئے سنٹرل واٹر کمیشن سے اجازت نامے حاصل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی پراجکٹس کی تفصیلی رپورٹ 5 ماہ قبل داخل کرنے کے باوجود سنٹرل واٹر کمیشن نے اجازت نامے جاری نہیں کئے۔انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر پرانہیتا پراجکٹ کی رپورٹ واٹر کمیشن اور گوداوری بورڈ کو روانہ کریں۔ چیف منسٹر نے بعض پراجکٹس کے لئے ٹنڈرس طلب کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طئے شدہ مدت میں پراجکٹس مکمل کئے جائیں۔ اجلاس میں چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ محکمہ آبپاشی اور آر اینڈ بی کے عہدیداروں گنپتی ریڈی، ایس سدھاکر تیجا، مرلیدھرن، ہری رام، کوٹیشور راؤ اور او ایس ڈی برائے آبپاشی ڈاکٹر سریدھر راؤ دیشپانڈے شریک تھے۔ر