نیدرلینڈ کو شکست ، امریکہ عالمی چمپئن

   

پیرس۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) فرانس میں منعقدہ خواتین کے فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں امریکہ نے نیدر لینڈ کو 0-2 گول سے شکست دیتے ہوئے دوسری مرتبہ خطاب حاصل کرلیا ہے۔ نیدر لینڈ کو میچ کے پہلے ایک گھنٹے میں گیند پر قبضہ رکھنے اور گول کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا تھا جس کے بعد امریکی کھلاڑی راپینو پینالٹی میں گول کرکے اپنی ٹیم کو میچ پر سبقت دلائی۔نیدرلینڈ کی کھلاڑی وین وینین ڈال کی غلطی سے امریکہ کو پینالٹی کارنر کا موقع ملا جس کا راپینول نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کیا۔ بعد ازاں میچ کے 69ویں منٹ پر امریکی ٹیم کی کھلاڑی روز لیویل نے ایک اور گول کرکے نیدرلینڈ کے لیے مزید مشکلات کھڑی کردیں۔ واضح رہے کہ نیدرلینڈ یورپی چمپیئن بھی ہے۔ اپنی کامیابی پر امریکی کھلاڑی راپینو نے کہا کہ یہ تاریخ ہے، مجھے نہیں معلوم کہ میں کیسا محسوس کر رہی ہوں لیکن میں بہت خوش ہوں۔ ہم پاگل ہیں اور یہی چیز ہمیں خاص بناتی ہے، ہم ہار نہیں مان سکتے ہم جیت کے لئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ امریکی خواتین کی فٹبال ٹیم کی کوچ جل الیس نے کہا کہ ٹیم نے دل و دماغ سے کھیلا اور تاریخ رقم کردی۔دریں اثناء سوئیڈن نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 2-1 کی شکست دیکر ٹورنمنٹ میں تیسرے مقام حاصل کرلی۔ انگلینڈ اور سوئیڈن کے درمیان فرانس کے اسٹیڈے ڈی نیس میں کھیلے گئے میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا۔ سوئیڈن اس میچ میں خطرناک موڈ میں نظر آرہی تھی، 11ویں منٹ میں اسلانی نے عمدہ پاس پر خوبصورت گول کرکے سوئیڈن کو 1-0کی برتری دلائی۔22 ویں منٹ میں جیکبسن نے سوئیڈن کی برتری کو دگنی کردی۔ 31 ویں منٹ میں انگلینڈ کی جانب سے فران کربائی نے گول کرکے اسکور 2۔1 کیااور پہلے ہاف کے اختتام پر یہی اسکور رہا۔دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں۔ انگلینڈ کی کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوششں کی جسے سوئیڈن کی گول کیپر نے ناکام بنایا۔