نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے آئی پی او کی دوسرے دن بھی دھوم

   

سرمایہ کاروں کا غیر معمولی جوش و خروش ، سری رام کرشنن چیف بزنس ڈیولپمنٹ آفیسر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔18۔ستمبر۔(سیاست نیوز) نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے آئی پی او نے بازار میں دوسرے دن بھی دھوم مچائی ہوئی ہے اور سرمایہ کاروں میں زبردست جوش و خروش دیکھا جانے لگا ہے۔نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے چیف بزنس ڈیولپمنٹ آفیسر مسٹر سری رام کرشنن نے آج حیدرآباد میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی اور کہا کہ 22ہزار 562کروڑ کے میگا آئی پی او کو89 فیصد سبکرائیبرس حاصل ہوچکے ہیں جو کہ اس میگا آئی پی او کے لئے انتہائی اہم سنگ میل ہے ۔ انہو ںنے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی جنگی حالات اور دیگر مسائل کے دوران ہندستان میں NSE کی کارکردگی یہ ثابت کرتی ہے کہ ہندستانی سرمایہ کاروں کا اعتماد اب بھی برقرا ر ہے۔انہو ںنے بتایا کہ 17 تا 21 ستمبر کے دوران کھلے رہنے والے شیئر کے لئے جو قیمتوں کا تعین کیاگیا تھا وہ 1700تا1785 فی شیئر مقرر کیاگیا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو کم از کم 8 شیئرس کے ایک لاٹ کے لئے 14ہزار 280 روپئے کی سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ بازار میں NSE کے آئی پی او پر 8 فیصد کا پریمیم ریکارڈ کئے جانے کا رجحان دیکھا جارہا ہے ۔ انہو ںنے ہندستانی حصص بازار میں ریکارڈ کی جانے والی تبدیلیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بازار میں ادارۂ جاتی سرمایہ کاری اور انفرادی سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جو کہ بازار کے اچھے اثرات کے رجحان کی تائید کے مترادف ہے۔مسٹر سری رام کرشنن نے بازار میں ریکارڈ کی جانے والی تبدیلی اور قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کے سلسلہ میں بھی اپنی رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندستانی حصص بازار میں آئندہ مزید بہتری پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔3/m/b