حیدرآباد۔/7 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے آؤٹر رنگ روڈ تا منے گوڑہ چار لائینوں پر مشتمل سڑک تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے اور اس کے لئے 928 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نیتن گڈکری نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے یہ بات بتائی ہے۔ حیدرآباد آوٹر رنگ روڈ ( او آر آر اَپا جنکشن ) تا منے گوڑہ نیشنل ہائی وے 63 کے چار لائن روڈ کی تعمیر کیلئے راہ ہموار ہوئی ہے۔ ملک کے چند پراجکٹس کے ساتھ اس روڈ کی توسیع کو مرکزی حکومت نے منظوری دی ۔ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے نیشنل ہائی واے 63 کی توسیع کیلئے منظوری حاصل ہونے پر مرکزی وزیر نیتن گڈکری سے اظہار تشکر کیا۔ ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ ان توسیعی کاموں سے انٹر اسٹیٹ کنکٹویٹی میں توسیع ہوگی جو ترقی کیلئے معاون و مددگار ثابت ہوگی۔ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی نے مرکزی حکومت کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مرکزی وزراء سے ملاقاتیں اور دباؤ بڑھانے سے یہ ممکن ہوپایا ہے۔ن