سڈنی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹسٹ کل یہاں شروع ہوگا جہاں مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم تو ہے لیکن آسٹریلیا میں لگی جنگلات کی آگ سے اٹھنے والا دھواں اس مقابلہ پر بھی اثرانداز ہوسکتا ہے۔ نیوساوتھ ویلس اسٹیٹ میں جنگلات کی آگ نے گذشتہ دو دن سے کافی مسائل پیدا کردیئے ہیں جس کے بعد یہاں کا درجہ حرارت بڑھنے کے علاوہ دھویں سے عوام کافی پریشان ہیں۔ دھویں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل حکام کیلئے پریشان کن ہیں کیونکہ اس سے ہوائی آلودگی کا جو معیار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مقرر کیا ہے، وہ یہاں بہتر نہیں ہے۔ کہا جارہا ہیکہ سڈنی کا موسم فی الحال غیرمحفوظ ہے جبکہ آسٹریلیا کی پلیرس کرکٹ اسوسی ایشن نے بھی ایسے موسم میں تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں بگ باش لیگ کا ایک مقابلہ بھی کرکٹ کیلئے نامناسب موسم کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ سڈنی ٹسٹ کے آغاز کا فیصلہ امپائرس کریں گے اور وہ کل مقابلہ کے آغاز سے قبل ماحولیات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے۔ نیوزی لینڈ کو دو مقابلوں میں ناکامی کے بعد سڈنی ٹسٹ سے قبل ہی اپنے کپتان کین ولیمسن، ہینری نیکولاس اور اسپنر سنٹنر کی صحت پر بھی موجود سوالیہ نشان تشویش کا باعث ہے کیونکہ ولیمسن اور ہینری دونوں ہی وائرل انفکشن کا شکار ہیں۔ علاوہ ازیں اسپنر مچل سینٹینر بھی مکمل فٹ نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ آج یہاں نیٹ پراکٹس بھی نہیں کرپائے۔ نیوزی لینڈ کو پرتھ اور ملبورن میں کھیلے گئے ابتدائی دو مقابلوں میں چار دونوں میں ہی بھاری شکست برداشت کرنی پڑی۔ ملبورن میں 247 رنز کی شکست کے بعد نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے اعتراف کیا ہیکہ ہمیں کھیل کے چند شعبوں میں واضح بہتری کی ضرورت ہے۔