ویلنگٹن ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کی ہائیکورٹ نے جمعرات کے روز کرائسٹ چرچ کی مساجد میں 51 مسلمانوں کو شہید کرنے والے آسٹریلیائی قاتل برینٹن ٹیرنیٹ معاملہ کی اگلی سماعت میں آئندہ سال کے ایام میں رمضان المبارک آنے کی وجہ سے تبدیلی کی ہے۔ برنٹین کی اگلی سماعت 4 مئی 2020ء سے ہونے والی تھی تاہم اس تاریخ سے مسلمانوں کے مقدس ماہ رمضان کا آغازہورہا ہے۔ عدالت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ اس معاملہ کو لیکر استغاثہ پریشانی میں مبتلاء ہے کیونکہ عدالت میں جن گواہوں کو پیش کیا جانے والا ہے وہ تمام مسلمان ہیں۔ دفاعی وکیل کی جانب سے کوئی اعتراض نہ کئے جانے پر مقدمہ کی سماعت کی اگلی تاریخ 2 جون مقرر کی گئی ہے جبکہ جاریہ سال 3 اکٹوبر کو قتل عام کے اس معاملہ کی عدالت میں مختصر سماعت کی جائے گی۔
