سشما سوراج کو وزیر داخلہ محمود علی کا مکتوب، پسماندگان کو ایکس گریشیا کیلئے چیف منسٹر سے سفارش
حیدرآباد۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) نیوزی لینڈ میں دہشت گرد حملے میں شہید دو حیدرآبادی نوجوانوں کی میت کو واپس لانے کے لیے مرکز سے تعاون کی خواہش کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وزیر خارجہ سشما سوراج کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے میتوں کی جلد منتقلی کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے لواحقین کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا کی ادائیگی کے لیے وزیر داخلہ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے نمائندگی کی ہے۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر جلد ہی اس بارے میں مثبت فیصلہ کریں گے۔ سشما سوراج کو روانہ کردہ مکتوب میں محمود علی نے کہا کہ مسجد النور میں گزشتہ جمعہ کو پیش آئے دہشت گرد حملے میں حیدرآباد کے دو نوجوان عزیر قادر اور فرہاز احسن جاں بحق ہوئے۔ ایک اور حیدرآبادی نوجوان احمد اقبال جہانگیر فائرنگ میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے تینوں خاندانوں میں پھیلی بے چینی اور صدمہ سے سشما سوراج کو واقف کراتے ہوئے کہا کہ جاں بحق نوجوانوں کی حیدرآباد میں تدفین کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سشما سوراج سے خواہش کی گئی کہ وہ نیوزی لینڈ میں ہندوستانی سفارتخانے کو میتوں کی منتقلی کے سلسلہ میں ضروری احکامات جاری کریں اس کے علاوہ زخمی نوجوان کے موثر علاج کے اقدامات کیے جائیں۔ محمد محمود علی نے نورخاں بازار اور ٹولی چوکی پہنچ کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی تھی اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔