نیوزی لینڈ میں متاثرین کیلئے ہندوستانی ہائی کمیشن کی پیشکش

,

   

رابطہ کیلئے ٹیلی فون نمبر کی اجرائی، متاثرین کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار

واشنگٹن 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر ہوئے حملوں میں متاثرہ کوئی بھی ہندوستانی مدد کے لئے اس سفارتی مشن سے رابطہ کرسکتا ہے۔ کرائسٹ چرچ کے مضافات کولٹ ورڈ مسجد اور وسطی کرائسٹ چرچ کی مسجد النور پر بہیمانہ دہشت گرد حملوں میں جمعہ کو 49 مصلیان جاں بحق ہوگئے۔ کسی مغربی ملک میں مسلمانوں پر یہ اب تک کا بدترین حملہ سمجھا جارہا ہے۔ ہندوستانی سفارتی مشن نے اس اندوہناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر لکھا کہ متاثرین کی امداد پہونچانے کیلئے رابطہ کے دو نمبر 021803899 اور 021850033 دیئے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ ’کرائسٹ چرچ میں شوٹنگ کی اطلاع پر ہمیں کافی دُکھ ہوا ہے۔ مدد کے خواہشمند کوئی بھی ہندوستانی 021856633 یا 021803899 پر ربط کرسکتے ہیں‘۔ ہندوستانی ہائی کمیشن نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ ’تمام متاثرین کے لئے ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں ہیں‘۔ اس پیغام کو محفوظ و بحفاظت رہیں۔ یہ پیغام پھیلانے کے لئے ہماری مدد کریں‘۔ اس حملے میں کسی ہندوستانی کے متاثر ہونے کی تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ میں تقریباً 200,000 ہندوستانی اور ہندوستانی نژاد افراد مقیم ہیں۔
ہندوستان کا نیوزی لینڈ حکام سے ربط
متاثرین میں ایک حیدرآبادی بھی شامل
نئی دہلی 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ہوئے حملوں میں کسی ہندوستانی کے متاثر ہونے کے اندیشوں کے بارے میں معلومات کے حصول کے لئے نیوزی لینڈ حکام سے ربط پیدا کیا گیا ہے۔ وزارت اُمور خارجہ میں ترجمان راویش کمار نے نئی دہلی میں کہاکہ نیوزی لینڈ میں ہندوستانی ہائی کمیشن مقامی حکام سے ربط میں ہے۔ یہ مسئلہ چونکہ انتہائی حساس ہے چنانچہ قطعی معلومات کے بغیر متاثرین کی تعداد یا ان کے نام کی توثیق نہیں کی جاسکتی۔ دیگر ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حیدرآباد کے احمد جہانگیر متاثرین میں شامل ہوسکتے ہیں۔