نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز ٹسٹ میں انگلینڈ کو ایک رن سے شکست دی

   

ویلنگٹن ۔ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹسٹ میں سنسنی خیز لمحات کے بعد ایک رن سے شکست دی ، جس کے بعد وہ ایسی چوتھی ٹیم بن گئی ہے جس نے فالو آن کے بعد میچ جیتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میچ کی فتح میں نیل ویگنر کی اس وکٹ نے فیصلہ کن کردار کیا جو انہوں نے جیمز اینڈرسن کو آؤٹ کرتے ہوئے اس وقت لی جب وکٹ کیپر ٹام بلنڈل نے ڈائیو لگاتے ہوئے ایک یادگارکیچ تھاما اس موقع پر انگلینڈ کو سیریز 2-0 سے اپنے نام کرنے کیلئے صرف2 رنز درکار تھے ۔ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو ہدف 258 تک پہنچنے سے روکنے کی سرتوڑ کوشش کی اور اس کی پوری ٹیم کو 256 پر ڈھیرکرنے میں کامیاب رہی جس کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔62 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے بولر نیل وگنر نے کہا ہے کہ یہ زبردست کامیابی ہے ان سب کو سلام جنہوں نے آخری دم تک مقابلہ کیا۔ مزیدکہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ہمیشہ کی طرح اچھا کھیلی جس پر اس کا سہرا بنتا ہے تاہم ہم نے مل کر بھرپور مقابلے کا راستہ بھی ڈھونڈ نکالا۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اگرچہ اپنی شکست پرکچھ مایوس دکھائی دیے تاہم اس سنسنی خیز میچ میں اپنے کردار پر خوش بھی ہیں۔ گیم میں وہی کچھ ہوا جو ٹسٹ کرکٹ کا خاصہ ہے ہم بھی انہی جذبات بھی وہی تھے جوکیویز کے تھے، سب نے اپنی اپنی صلاحیت کے مطابق بھرپورکردار نبھایا۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ٹسٹ میچ کی صورت حال آخری دو روز میں تبدیل ہوتی دکھائی دی اور وہ پوری طرح نیوزی لینڈ کی گرفت میں آگیا۔ اس سے قبل انگلینڈ 435 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرتے کامیابی کے بہت قریب دکھائی دے رہا تھا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پہلی اننگز میں 209 رنز پر آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیم سن اس وقت اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے میں کامیاب رہے جب انہوں نے دوسری اننگز میں 132 رنز بنائے اور مجموعی اسکورکو 489 تک پہنچا جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کے لیے 258 رنز درکار تھے۔ انگلینڈ نے منگل کی صبح 48 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی تو اسے شروع میں ہی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا اور صرف 27 رنز بننے تک اس کی چار وکٹیں گر چکی تھیں۔ جیمز اینڈرسن اور جیک لیچ کی آخری جوڑی بچی اور جیت کے لیے سات رنز ابھی باقی تھے۔ اینڈرسن نے اس موقع پر ایک چوکا لگا دیا جس کے بعد وہ لمحہ آیا جب ویگنر کی گیند پر بلنڈیل نے فیصلہ کن کیچ لے لیا۔