کرائسٹ چرچ ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف اتوار سے ہونے والا دوسرا ٹسٹ میچ بھی نہیں کھیلیں گے اور ان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ٹیم کی کپتانی کریں گے۔واضح رہے کہ بابراعظم دائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے ٹونٹی20 سیریز اور پہلا ٹسٹ میچ نہیں کھیل پائے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کرائسٹ چرچ پہنچنے پر بابراعظم نے مکمل نیٹ سیشن کیا تاہم نیٹ کے دوران انہوں نے اپنے ہاتھ کے انگوٹھے میں ہلکا درد محسوس کیا۔ 2 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں بارش کے باعث بابر اعظم ٹیم کے نیٹ سیشن کے دوران بیٹنگ پریکٹس نہیں کرسکے، لہٰذا ٹیم منیجمنٹ نے کوئی بھی خطرہ مول نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کے بموجب بابر اعظم کی تکلیف میں بہتری ہوئی ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز باقاعدہ نیٹ سیشن میں حصہ لیا ہے۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ بابر اعظم ٹیم کے کپتان اور اہم ترین بیٹسمین ہیں لہٰذا ہم کوئی جلد بازی نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ میڈیکل ٹیم بابر اعظم کے زخم کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے ہمیں مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دی تھی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹسٹ میچ اتوار کو شروع ہورہا ہے جو ۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔