نیویارک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے

   

ہاسپٹلس میں وینٹی لیٹرس نہیں ، بستروں کی کمی سے بھی آنے والے چند دنوں میں صورتحال سنگین ہوگی:میئر

نیویارک ۔ /22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک میں کورونا وائرس کے کیسوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ دواخانوں میں وینٹی لیٹرس کی کمی کے علاوہ ادویات کی سربراہی میں کمی آنے سے آنے والے دنوں میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ۔ نیویارک کے میئر نے کہا کہ تقریباً 27 ہزار افراد پورے امریکہ میں متاثر ہوئے ہیں ان میں 8 ہزار افراد نیویارک سٹی میں متاثر ہیں ۔ علاج کیلئے دواخانوں میں ضروری ادویات کی قلت پائی جاتی ہے ۔ سرجیکل ماس بھی دستیاب نہیں ہے ۔ میئر نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے اپیل کی کہ وہ فوج کو متحرک کرکے میڈیکلس ضروریات کو فوری پورا کریں ۔ اگر ہمیں آئندہ 10 دن کے اندر مزید وینٹی لیٹرس فراہم نہیں کئے گئے تو لوگ مرجائیں گے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نیویارک کے حالات دن بہ دن بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں ۔ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ 1930ء کے بعد سے نیویارک شہر اور یہاں کے شہری شدید دباؤ کا شکار ہیں ۔ شہریوں کی پریشانی کو دور کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر حرکت میں آنے کی ضرورت ہے ۔ فوج کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سرگرم کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ایرلائینس کمپنیوں کو راحت فراہم کرنے کی بات کو فراموش کردیجئے ۔ سب سے پہلے عوام کو راحت پہونچائی جائے ۔ ہاسپٹلس کے مسائل دور کئے جائیں ۔ ہمارے شہروں کو محفوظ کرکے ریاستوں اور کاؤنٹیز کے مسائل سے نمٹا جائے ۔ گورنر نیویارک اینڈریوکومو نے کہا کہ نیویارک شہر میڈیکل سپلائیز میں پیچھے ہوگیا ہے ۔ نیویارک سٹی کے ایرپورٹس پر معطل رکھا گیا ہے ۔ جب سے ایرٹریفک کنٹرول ورکر کا کورونا وائرس ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا ہے تمام ایرپورٹس کو بند کردیا گیا ہے ۔ متاثرین کی تعداد دن بہ دن بڑھ رہی ہے ۔ فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے ریاست میں سب سے بڑی آفات کا اعلان کیا ہے ۔ ایمرجنسی رومس بہت جلد کورونا وائرس کے مریضوں سے بھر جائیں گے ۔ نیویارک میں تقریباً 50 ہزار سے 75 ہزار بستروں کو ضرورت ہے ۔ اب تک 1600 افراد کو دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے ۔