نیٹ کونسلنگ پر روک لگانے سے سپریم کورٹ کا انکار

   

نئی دہلی: نیٹ یو جی 2024 کے امتحان کو منسوخ کرنے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں ایک اہم سماعت ہوئی۔ جسٹس وکرم ناتھ اور ایس وی این بھاٹی کی بنچ نے این ٹی اے کی 4 درخواستوں کو منتقل کرنے کی درخواست پر بھی سماعت کی۔ عدالت نے کونسلنگ پر پابندی لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے این ٹی اے کو نوٹس جاری کرنے اور 8 جولائی تک جواب دینے اور اسے زیر التوا پٹیشن کے ساتھ ٹیگ کرنے کی ہدایت دی۔این ٹی اے کے وکیل نے کہا کہ ہم ہائی کورٹ سے حکم امتناعی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس پر بنچ نے کہا کہ اس طرح کے اقدام کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم پہلے ہی نوٹس جاری کر چکے ہیں۔ سپریم کورٹ نے نیٹ یو جی معاملات میں ہائی کورٹ میں چل رہے تمام معاملات پر روک لگا دی ہے اور نوٹس جاری کیا ہے۔ ااس سے پہلے منگل کو سپریم کورٹ نے نیٹ یو جی 2024 کے امتحان کے انعقاد میں کسی بھی لاپرواہی کیخلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ جسٹس وکرم ناتھ اور ایس وی این بھٹی کی تعطیلاتی بنچ نے ریمارکس کئے کہ اگر کسی کی طرف سے 0.001 فیصد بھی لاپرواہی ہوئی ہے تو اس سے پوری طرح نمٹا جانا چاہیے۔ ان تمام معاملات کو مخالفانہ قانونی چارہ جوئی کے طور پر نہیں سمجھا جانا چاہیے۔وزارت تعلیم نے پٹنہ میں منعقد نیٹ یو جی 2024 کے امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے بارے میں بہار پولیس کے اکنامک آفنس یونٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔