حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) قومی و ریاستی سطح پر میڈیکل کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد شدنی قومی اہلیتی داخلہ ٹسٹ ’’نیٹ‘‘ (NEET) کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 6 جنوری تک توسیع دی گئی ہے۔ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے اس سلسلہ میں گزشتہ روز فیصلہ کیا۔ آن لائن رجسٹریشن کی سہولت 6 جنوری کو رات 11.50 بجے تک فراہم رہے گی۔ درحقیقت تعلیمی سال 2020-21 سے متعلق نیٹ کے امتحان میں شرکت کیلئے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ گزشتہ ماہ 31 ڈسمبر مقرر تھی۔ لیکن اب درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 جنوری مقرر کئے جانے کے باعث اب تک جو طلباء و طالبات اپنی درخواستیں داخل نہیں کرسکے انھیں اس سے استفادہ کا موقع حاصل ہوگا۔ نیٹ امتحان کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں رہے گی اور اس طرح نیٹ کا امتحان 3 مئی کو منعقد ہوگا۔ نیٹ امتحان کے نتیجہ کا 4 جون کو اعلان کیا جائے گا۔