نیپال میں طوفان سے دو افراد ہلاک، 75 زخمی

   

کٹھمنڈو ، 7جون (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں جمعرات کی رات، تیز طوفان کی وجہ سے دو افراد ہلاک اور 75 زخمی ہوگئے ۔ وزارت داخلہ کے سکریٹری پریم کمار رائے نے بتایا کہ کیلالی اور کنچن پور اضلاع میں دیر رات آنے والے طوفان کی وجہ سے دو افراد ہلاک اور 75 زخمی ہوگئے ۔ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بچاؤ کا کام جاری ہے اور طوفان کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ کا اندیشہ بھی ہے ۔کٹھمنڈو پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، طوفان کے بعد، تباہی کا منظر دیکھا گیا اور طوفان کی وجہ سے کئی کچے مکانات تباہ ہوگئے ۔ طوفان کی وجہ سے نقصانات پر تفصیلی رپورٹ جمع کی جا رہی ہے ۔کیلالی ضلع کے اعلی افسر یگیہ راج بوہرا نے کہا ’’مقامی انتظامیہ پہلے سے ہی بچاؤ کے کام میں مصروف ہے ۔ حکام کے مطابق، گرے ہوئے درختوں اور بجلی کے ستونوں نے سڑکوں پر رکاوٹ کھڑی کردی ہے ، جس کے نتیجے میں بچاؤ کے کام میں خلل پڑ رہا ہے ۔ طوفان نے مکانات اور عوامی اور خانگی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ہے ‘‘۔اسی طرح، طوفان سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے ستون اکھڑ گئے ہیں، جس کی وجہ سے ضلع کے مختلف حصوں میں بجلی کی سپلائی رک گئی ہے ۔ ٹوٹے ہوئے درختوں کی وجہ سے ، مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے زخمیوں کو قریبی ہاسپٹلس میں داخل کرایا گیا ہے ۔