واشنگٹن ۔ 13 مئی (ایجنسیز) وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ قطر کی جانب سے محکمہ دفاع کو طیارہ کی پیشکش پر قانون کے مطابق عمل کرے گی۔ نیز اس امر پر پریشان نہیں ہیں کہ قطر اس کے بدلے میں کیا مانگے گا۔ لیویٹ نے اس امر کا اظہار فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے احسن انداز سے محکمہ دفاع کو طیارہ دینے کی پیشکش کی ہے۔ اس سلسلے میں قانونی تفصیلات پر کام کیا جا رہا ہے۔ حکومتوں کو تحائف قانون کے مطابق دیے جاتے ہیں۔ ہم انتہائی شفافیت کے لیے عہد کرتے ہیں اور ہم اسے جاری رکھیں گے۔ اس معاملہ سے متعلقہ ذرائع نے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ‘بوئنگ 747-8’ طیارہ کو بطور تحفہ قبول کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جو ایئرفورس ون کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔ ذرائع نے مزید کہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کی مدت صدارت ختم ہونے کے بعد یہ طیارہ صدارتی لائبریری کو عطیہ کر دیا جائے گا۔ ‘بوئنگ 747-8’ کی قیمت 400 ملین ڈالر ہے۔ اس سوال پر کہ کیا قطر وائٹ ہاؤس سے بدلے میں کچھ چاہتا ہے۔ لیویٹ نے کہا بالکل نہیں، کیونکہ وہ صدر ٹرمپ کو جانتے ہیں کہ وہ امریکی عوام کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرتے ہیں۔ خیال رہے ڈونالڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے حالیہ دورے کے دوران قطر کا دورہ کریں گے۔ قطر نے حماس و اسرائیلی کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کے لیے اہم سفارتی کردار ادا کیا ہے۔