چیف منسٹر تلنگانہ کے ساتھ جگن کی خفیہ سازش ، وزیر اے پی کے سرینواسلو کا بیان
حیدرآباد /6 مارچ ( سیاست نیوز ) وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ ریاست آندھراپردیش مسٹر کے سرینواسلو نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی وار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو سخت تنقید کانشانہ بنایا اور کہا کہ آندھراپردیش کا ڈاٹا سرقہ کرنے کی سازش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین کے ساتھ مل کر حیدرآباد میں ہی مرتب کی ہے ۔ آج وجئے واڑہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواسلو نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی صدر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی پر الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش میں 8 لاکھ ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کیلئے فارم نمبر 7 داخل کئے ۔ جبکہ تمام اضلاع سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے یوتھ کمیٹیوں کے قائدین نے اپنے ناموں سے ووٹروں کے ناموں کو خارج کرنے کیلئے درخواستیں پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین نے سب سے پہلے تلگودیشم پارٹی کے حامیوں کا پتہ چلاکر ان کے ناموں کی فہرست مرتب کی اور پھر تلگودیشم پارٹی کے حامیوں کا نام ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کیلئے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور خفیہ طور پر ووٹروں کے نام خارج کرنے کیلئے منصوبہ بند سازش مرتب کئے ۔