وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر غیر ذمہ دارانہ طریقہ اختیار کرنے کا الزام

   

جگن جرم کرنے کے عادی ، چیف منسٹر اے پی و صدر تلگودیشم چندرا بابو کا بیان
حیدرآباد /6 مارچ ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو غلطیاں و بے قاعدگیاں کرنا اور جیلوں کی سزا بھگتنا عادت رہی ہے ۔ علاوہ ازیں جگن کی وجہ سے مزید کئی افراد بشمول بعض سینئیر آئی اے ایس عہدیدار وغیرہ بھی مختلف کیسوں میں پھنسے ہیں ۔ جس کی وجہ سے کئی افراد بشمول بعض سینئیر آئی اے ایس عہدیدار زندگی بھر اپنی ذہنی الجھن کا شکار ہیں ۔ آج تلگودیشم پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ متعدد غلطیاں کرنے والوں اور مجرموں کو ہی وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں اہم مقام حاصل ہوتا ہے ۔ بلکہ جو کوئی بھی قائدین وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں رہتے ہیں ۔ انہیں غلطیاں کرنا ہی پڑتا ہے ۔ کیونکہ جرائم و دھوکہ دہی و بے قاعدگیوں کے تعلق سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی ہی سوچتی ہے ۔ جبکہ ریاستی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے تعلق سے تلگودیشم حکومت ہی ہمیشہ اہمیت دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2004-2009کے دوران متحدہ ریاست آندھراپردیش میں روڈی ازم کرکے ریاست کو مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے تباہ کرکے رکھ دیا تھا ۔ اور ان پانچ سال کے دوران ریاست میں گروہی رقابیتں اور واقعات بڑے پیمانے پر فروغ پائیں ۔

لیکن آج ریاست میں گروہی رقابتوں کے واقعات پر مکمل طور پر تلگودیشم حکومت نے قابو پالیا ہے ۔ چندرا بابو نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین نے غیر ذمہ دارانہ طریقہ کار اختیار کر رکھا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ووٹروں کے نام خارج کرنے کی سازش میں جگن موہن ریڈی ہی ملزم نمبر 1 ہیں ۔ کیونکہ فارم نمبر 7 کا وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ہی غلط استعمال کیا ہے ۔ جس کی خود مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ہی اعتراف کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 13 لاکھ فارم نمبر 17 مختلف الیکٹورل آفیسرس کو روانہ کئے گئے بلکہ فارم نمبر 7 کا بیجا استعمال کرنے کی سازشیں بنگلور اور حیدرآباد سے ہی کی گئیں ۔ لہذا ہر کوئی اپنے اپنے ووٹ کے تعلق سے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ہی استفسار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پارٹی کیلئے سخت محنت و جدوجہد کرنے والوں کو خصوصی شناخت فراہم کرتے ہوئے اولین اہمیت دی جائے گی ۔ لہذا تلگودیشم پارٹی کو انتخابات میں کامیاب بنانے کیلئے جدوجہد کرنے کی پارٹی قائدین سے پرزور خواہش کی ۔