شہریت قانون اور این آر سی میں یکسانیت نہیں، قانون سے مسلمانوں کو خطرہ نہیں
حیدرآباد۔ 20 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی این آر سی کی مخالف ہے اور مسلمانوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندں سے بات چیت کرتے ہوئے امجد باشاہ نے کہا کہ وائی ایس آر حکومت مسلمانوں کے ساتھ ہے اور کسی بھی قانون کی صورت میں انہیں نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ وائی ایس آر خاندان ہمیشہ اقلیتوں کا ہمدرد رہا ہے اور وعدے کی تکمیل اس کا وصف ہے۔ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی طرح جگن موہن ریڈی بھی اقلیتوں کے حقیقی ہمدرد ہیں اور انہوں نے آندھراپردیش میں اقلیتوں کی بھلائی کے لیے کئی اسکیمات کا آغاز کیا۔ امجد باشاہ نے کہا کہ شہریت قانون اور این آر سی کے بارے میں زیادہ تر مسلمانوں میں غلط فہمی پائی جاتی ہے۔ دونوں میں کوئی یکسانیت نہیں ہے۔ عام طور پر ان دونوں کو یکجا کرتے ہوئے غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریت قانون کے تحت تین پڑوسی ممالک سے آنے والے غیر مسلموں کو شہریت فراہم کی جائے گی کیوں کہ یہ تینوں اسلامی ممالک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ قانون سے مسلمانوں کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، اس بات کو یقینی بنانے کے بعد ہی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے پارلیمنٹ میں بل کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں کسی بھی مسلمان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی اور وائی ایس جگن موہن ریڈی نے واضح کردیا کہ کسی بھی مسلمان کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ این آر سی کے معاملے میں وائی ایس آر کانگریس مسلمانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ مسلمانوں میں غلط فہمیوں کے ازالے کے لیے وائی ایس آر کانگریس کے اقلیتی قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔