وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے انڈین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی کو 37 کروڑ 57 لاکھ کی ادائیگی

   

الیکشن کمیشن میں انتخابی اخراجات کی تفصیلات میں وائی ایس آر کانگریس کا انکشاف
حیدرآباد۔17 نومبر(سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آندھرا پردیش اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں انڈین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی جو کہ پرشانت کشور کی ہے اسے 37کروڑ 57 لاکھ روپئے ادا کئے ہیں تاکہ وہ وائی ایس آر سی پی کی انتخابی حکمت عملی تیار کرے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں داخل کی گئی انتخابی اخراجات کی تفصیلات میں وائی ایس آر کانگریس نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ان کی پارٹی نے انتخابات میں جملہ 85کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں جن میں 37کروڑ 57 لاکھ روپئے پرشانت کشور کی کمپنی انڈین پولٹیکل ایکشن کمیٹی کو ادا کئے گئے جبکہ 36کروڑ کے اشتہارات ذرائع ابلاغ کو دیئے گئے جس میں 24کروڑ کے اشتہارات جگتی پبلکیشن کو جاری کئے گئے جو کہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی ملکیت والا ادارہ ہے۔ علاوہ ازیں 9 کروڑ72لاکھ روپئے سرکردہ قائدین کی انتخابی تشہیر کیلئے مسافت اور دیگر امور پر خرچ کئے گئے ہیں۔ وائی ایس آر سی پی جو اخراجات داخل کئے ہیں ان کے مطابق پارٹی کی جانب سے پارٹی کے پرچم‘ انتخابی نشان ‘ کمانوں کی تنصیب کے علاوہ قائدین کے کٹ آؤٹس وغیرہ کیلئے ایک کروڑ 3لاکھ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ وائی ایس آر سی پی نے سال 2018-19 کے مالیاتی امور کی تفصیلات بھی الیکشن کمیشن میں داخل کی ہے اور اس میں اس بات کا دعوی کیا ہے کہ پارٹی کے پاس جملہ 181کروڑ روپئے ہیں جو کہ عطیہ دہندگان سے وصول ہوئے ہیں۔ اس کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے پارٹی نے دعوی کیا ہے انہیں 99کروڑ 84لاکھ روپئے پولیٹکل بانڈس سے وصول ہوئے ہیںجبکہ 36کروڑ 8لاکھ کے عطیات غیر کارپوریٹ ادارو ںکی جانب سے وصول ہوئے ہیں اور کارپوریٹ اداروں سے 18کروڑ کے عطیات وصول ہوئے ہیں۔ وائی ایس آر سی پی کو سال گذشتہ غیر کارپوریٹ اداروں سے جملہ 11کروڑ 7 لاکھ روپئے وصول ہوئے تھے اور اس مرتبہ اقتدار میں آنے کے بعد 36کروڑ8لاکھ روپئے وصول ہوئے ہیں ۔ کارپوریٹ ادارو ں سے وائی ایس آر سی پی کو سال گذشتہ 2کروڑ53لاکھ وصول ہوئے تھے لیکن اس سال 18 کروڑ روپئے کارپوریٹ ادارو ں کے ذریعہ عطیات وصول ہوئے ہیں۔تلگو دیشم پارٹی نے بھی الیکشن کمیشن میں اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرواتے ہوئے تفصیلات پیش کی ہیں جس میں یہ کہا گیا ہے کہ گذشتہ انتخابات کے دوران تلگو دیشم پارٹی نے جملہ 77کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں جن میں 49 کروڑ روپئے ذرائع ابلاغ میں تشہیر کے لئے خرچ کئے گئے ہیںاور تلگو دیشم پارٹی کے کھاتے میں اب 155 کروڑ 84 لاکھ روپئے موجود ہیں۔