سری نگر،6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آج صبح سے جاری برف باری کے باعث وادی کشمیر کا ملک وبیرون دنیا کے ساتھ زمینی رابطہ بھی منقطع ہے اورفضائی رابطہ بھی متاثر ہے۔ سری نگر ائیر پورٹ حکام نے بتایا کہ روشنی میں کمی واقع ہونے کی وجہ سے کئی پروازیں یاتو منسوخ ہوئیں یا انہیں موخر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ برف باری جاری رہنے سے ہوائی ٹریفک مزید متاثر ہوسکتا ہے اور اب تک 12 پروازوں کومنسوخ کیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ آج تازہ برف باری کی وجہ سے پھر ایک بار بند رہی۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ریاست میں برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے ۔ وادی میں بدھ کی صبح سے ہی ہلکی برف باری کاسلسلہ شروع ہوا جبکہ جموں میں گذشتہ شب سے موسلا دھار بارشیں ہورہی ہیں۔