چیف جسٹس ہائی کورٹ کو ہنمنت راؤ کا مکتوب، اشتعال انگیز تقاریر کی مذمت
حیدرآباد ۔24۔ فروری (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اشتعال انگیز تقاریر پر مجلس کے لیڈر وارث پٹھان اور بی جے پی تلنگانہ کے ترجمان رگھو نندن راؤ کے خلاف کارروائی کی درخواست کی ۔ انہوں نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ مجلس اور بی جے پی قائدین کے بیانات کا سختی سے نوٹ لیں کیونکہ یہ بیانات دونوں طبقات کے عوام کو مشتعل کرسکتے ہیں اور مذہبی تصادم کا اندیشہ ہے ۔ ہنمنت راؤ نے وارث پٹھان کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ ہندوستان میں اس طرح کی دھمکیاں نہیں چلیں گی ۔ انہوں نے شہریت قانون کے خلاف صدر مجلس کے جلسہ میں خاتون کی جانب سے پاکستان کے حق میں نعرہ بازی پر حیرت کا اظہار کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وارث پٹھان کے خلاف مجلسی صدر کو کارروائی کرنی چاہئے تھی ۔ انہوں نے شکایت کی کہ تلنگانہ بی جے پی کے ترجمان رگھونندن راؤ نے شہریت قانون کی مخالفت کرنے والوں کا سر قلم کرنے کی دھمکی دی ہے۔ جمہوریت میں عوام کو احتجاج کا حق حاصل ہے اور سپریم کورٹ نے اس حق کو تسلیم کیا ہے ۔ انہوں نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ وہ اپنے طور پر وارث پٹھان اور رگھونندن راؤ کی نفرت انگیز تقاریر کے خلاف کارروائی کریں۔