میلبورن۔ شین وارن کے اہل خانہ اور دوستوں نے لیجنڈ کرکٹرکو آخری خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے آبائی شہر میلبورن میں آخری رسومات میں شرکت کی۔ وارن کے تین بچے، والدین اور دوست ان 80 لوگوں میں شامل تھے جو اتوارکو لیجنڈ کرکٹر کو آخری تعزیت دینے آئے تھے۔ ان کے دوستوں میں ریٹائرڈ ٹسٹ کپتان مارک ٹیلر اور ایلن بارڈر اور انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان شامل تھے۔وارن کو اب تک کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ ان کا انتقال 4 مارچ کو تھائی لینڈ کے جزیرہ ساموئی میں ہوا، جہاں وہ اپنے دوستوں کے ساتھ چھٹیاں گزاررہے تھے۔ ان کے پوسٹ مارٹم میں کہا گیا ہیکہ 52 سالہ وارن کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔ان کی میت ایک ہفتہ قبل تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے میلبورن لائی گئی تھی۔انہیں30 مارچ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری الوداعی دیا جائے گا، جس میں عام لوگوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔ وارن کے اعزاز میں گراؤنڈ پر ایک اسٹینڈ کا نام رکھا جائے گا۔