شمس آباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : شمس آباد میونسپل وارڈ نمبر 20 کے کونسلر آر ریکھا گپتا نے دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی اور ان کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا ۔ آر ریکھا گپتا نے کہا کہ وارڈ میں کچرے کی صفائی کے مسلسل انتظامات کیے جارہے ہیں ۔ کوڑے دانوں کی کمی کی وجہ سے عوام کچرے کو خالی مقامات پر پھینک کر کوڑے دان بنا رہے ہیں ۔ بہت جلد کوڑے دانوں کا انتظام کیا جائے گا جس سے عوام کچرا اس میں پھینک سکے ۔ انڈر گراونڈ ڈرینج کی عدم صفائی سے تمام ڈرینج لبریز ہورہے تھے صفائی کے ذریعہ گندہ پانی آسانی سے ڈرینج کے ذریعہ بہہ جائے گا ۔ سڑکوں کی مرمت ، اسٹریٹ لائٹس کا انتظام اور پینے کے پانی کی سربراہی کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انتخابات میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل بھی کی جائے گی ۔ وارڈ کے بعض محلے جات میں پانی کی قلت ہے جس کو دور کرنے کے لیے عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کیا جائے گا ۔