نئی دہلی ۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام )انڈین پریمیرلیگ کے فائنل میں ممبئی انڈینس نے چینائی سوپرکنگس کو ایک رن سے شکست دی لیکن ایک وقت ایسا تھا جب چینائی آسانی سے میچ جیت رہی تھی لیکن آخری اوورمیں شین واٹسن کے رن آوٹ ہوتے ہی پورے میچ کا رخ ہی بدل گیا اورممبئی آئی پی ایل چمپئن بن گئی۔ شین واٹسن نے فائنل میچ میں59 گیندوں میں80 رنز کی اننگز کھیلی لیکن 20 اوورکی چوتھی گیند پروہ کنال پانڈیا کے ہاتھوں رن آوٹ ہوئے، دو رن لینے کی کوشش میں واٹسن نے تیزدوڑلگائی، لیکن وہ کریز تک نہیں پہنچ سکے۔ ہربھجن سنگھ نے واٹسن کے رن آوٹ ہونے پر انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ شین واٹسن کے گھٹنے میں چوٹ لگی تھی۔ واٹسن کے گھٹنے سے خون بھی بہہ رہا تھا لیکن شین واٹسن نے یہ بات ٹیم کے کسی کھلاڑی کونہیں بتائی اوروہ بیٹنگ کرتے رہے۔ ٹیم کواس کے بارے میں تب پتہ چلا جب وہ آوٹ ہوکرواپس آگئے۔ میچ کے بعد واٹسن کے پیروں میں 6 ٹانکے لگے۔ گزشتہ آئی پی ایل میں چینائی سوپرکنگس کو چمپئن بنانے والے شین واٹسن نے اس سیزن میں فرنچائزی کو مایوس کیا۔ انہوں نے 17 میچوں میں محض 23.41 کی اوسط سے 398 رنز بنائے۔ واٹسن نے محض تین نصف سنچریاں بنائیں حالانکہ دباووالے میچ میں واٹسن رنگ میں نظرآئے۔ واٹسن نے دوسرے کوالیفائرمیں دہلی کے خلاف نصف سنچری بنائی اور اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچایا۔ اس کے بعد واٹسن نے ممبئی انڈینس کے خلاف فائنل میں بھی نصف سنچری بناکراپنی ٹیم کو تقریباً جیت دلا دی تھی، لیکن پیر میں لگی چوٹ کے سبب وہ ایسا نہیں کرپائے۔