واٹس ایپ کے 10 سال مکمل

,

   

نئی دہلی۔ 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پیغامات کیلئے دنیا بھر میں معروف اور صارفین کی پہلی پسند واٹس ایپ کی کامیابی کے 10 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ 2009ء میں اسے پہلی مرتبہ آئی فون اور اینڈرائیڈ کیلئے متعارف کیا گیا تھا جس میں ابتدائی برس پیغامات کے ساتھ آڈیو اور ویڈیو کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی جس کے بعد 2010ء میں لوکیشن شیئر کرنے کی بھی سہولت فراہم کی گئی تھی جس کے ذریعہ ہنگامی حالات میں افرادِ خاندان اور دوست احباب اپنے مقامات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے خود کے محفوظ ہونے کی اطلاع بھی دینے لگے۔ دنیا بھر میں ہونے والے حادثات اور آفات سماوی کے دوران واٹس ایپ کی سہولت نے صارفین کی کئی زاویوں سے مدد کی۔ 2014ء میں اس کے صارفین کی تعداد 500 ملین ہوئی ۔ اس کے بعد جنوری 2015ء میں فیس بک نے اسے اپنی ملکیت میں شامل کیا۔ 2016ء میں واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد ایک بلین سے زیادہ ہوئی اور ہر ماہ اس میں لاکھوں نئے صارفین شامل ہونے لگے۔ 2017ء میں ہر ماہ ایک ملین نئے صارفین اس میں شامل ہونے لگے۔ 2019ء میں اس نے اپنے کامیاب سفر کے 10 سال مکمل کرلئے ہیں۔ ہندوستان بھر میں پیغامات کیلئے صارفین کی پہلی پسند واٹس ایپ ہی ہے جو انفرادی، اجتماعی، دفتری، صحافتی اور سرکاری طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔