وایناڈ ضمنی الیکشن:پرینکا گاندھی کا پرچہ نامزدگی داخل

,

   

کانگریس جنرل سکریٹری کا بی جے پی کی نویہ ہری داس سے مقابلہ ہوگا

وایناڈ: کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے آج وایناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب کیلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس دوران ان کے ساتھ ان کی والدہ سونیا گاندھی بڑے بھائی راہول گاندھی، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور دیگر کئی قائدین موجود تھے۔ اس سے قبل پرینکا نے مقامی قائدین کی موجودگی میں نامزدگی فارم بھرے ۔ انہوں نے اپنے راہول گاندھی کے ساتھ روڈ شو کیا۔ وایناڈ ضمنی انتخاب میں پرینکا گاندھی کا مقابلہ بی جے پی امیدوار نویہ ہری داس سے ہوگا۔ اس روڈ شو میں راہول گاندھی کے علاوہ پرینکا کی ماں سونیا گاندھی اور شوہر رابرٹ واڈرا بھی موجود تھے۔ اس روڈ شو میں صدر کانگریس کھرگے، چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی اور کئی دیگر پارٹی قائدین نے بھی شرکت کی۔ پرینکا گاندھی نے روڈ شو میں لوگوں سے خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ،پچھلے 35 سالوں سے میں مختلف انتخابات کیلئے مہم چلا رہی ہوں۔(تفصیلی خبر اندرونی صفحہ پر)یہ پہلی بار ہے جب میں اپنے لیے آپ کی حمایت مانگ رہی ہوں۔ یہ ایک بہت ہی مختلف احساس ہے۔ میں کانگریس کے صدر ملکارجن کی بہت شکر گزار ہوں۔ انہوں نے مجھے وایناڈ سے امیدوار بننے کا اعزاز بخشا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچائی اور عدم تشدد نے میرے بھائی (راہول گاندھی) کو اتحاد اور محبت کیلئے پورے ملک میں 8000 کلومیٹر پیدل چلنے کی ترغیب دی۔