گنٹور میں پیدا ہوئی سریشا بنڈلہ 11 جولائی کو پرواز کریں گی
حیدرآباد۔ تلگو فخر کی ایک مثال میں ایک تلگو خاتون ورجن گروپ کے خلائی مشن میں حصہ لینے والی ہے جس کیلئے اب دس دن سے بھی کم وقت رہ گیا ہے ۔ ورجن گروپ نامی کمپنی ورجن گلاکٹک تجرباتی اسپیس فلائیٹ کا 11 جولائی کو اہتمام کرنے والی ہے جس میں گنٹور میں پیدا ہوئی سریشا بنڈلہ بھی شامل ہونگی ۔ اس خلائی مشن کیلئے چھ رکنی عملہ ہوگا جس میں سریشا بنڈلہ بھی شامل ہیں۔ سریشا اس خلائی پرواز کے ذریعہ تاریخ رقم کرنے والی ہیں کیونکہ وہ دوسری ہندوستانی نژاد خاتون ہونگی جو خلاء میں جائیں گی ۔ اس سے قبل پہلی ہندوستانی خاتون کلپناچاولہ تھیں جو خلا میں گئی تھیں تاہم وہ اسپیس شٹل کولمبیا کے حادثے میں فوت ہوگئی تھیں۔ سریشا 2015 سے ورجن گلاکٹک کیلئے کام کر رہی ہیں وہ سرکاری امور کی مینیجر ہیں۔ وہ مسلسل ترقی کرتی ہوئی یہاں تک پہونچی ہیں۔ وہ ورجن آربٹ کیلئے واشنگٹن آپریشنس کی نگران بھی
ہیں۔ ورجن آربٹ نے حال ہی میں ایک 747 طیارہ استعمال کرتے ہوئے ایک سٹیلائیٹ خلا میں داغا تھا ۔ گنٹور میں پیدا ہوئی سریشا ہیوسٹن ٹیکساس میں پلی بڑھی ہیں۔ انہوں نے پرڈیو یونیورسٹی سے گریجویشن کیا تھا اور جارج ٹاون یونیورسٹی سے بزنس اڈمنسٹریشن میں ماسٹرس کیا ہے ۔ وہ تلگو اسوسی ایشن اف نارتھ امریکہ ( تانا ) سے بھی وابستہ ہیں۔ خلا میں روانہ ہونے والے عملہ میں وی پی سریشا بنڈلہ ‘ ورجن کے بانی برانسن کے علاوہ مشن ماہرین چیف خلا باز انسٹرکٹر بیتھ موسیس ’ لیڈ آپریشنس انجینئر کولن بینیٹ ‘ پائلٹس ڈیو مک کے اور مائیکل مسوکی کے ساتھ شامل ہیں۔