ورلڈکپ کی 28 ویں سالگرہ پر وسیم اکرم کا پیغام

   

کراچی۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ جیتے 28 برس گزر جانے کے بعد ایک جذباتی پیغام شائع کیا ہے۔ٹوئٹر پر وسیم اکرم نے 1992کے ورلڈکپ میں حاصل کئے گئے میڈلز اور ایوارڈ شائع کرتے ہوئے کہا کہ 28 سال قبل کہ جب کرکٹ اپنے عروج پر تھی تو کرکٹ ورلڈ کپ جیتا۔سوئنگ کے سلطان نے لکھا کہ اس کے بعد سے پاکستان نے بہت سے نشیب و فراز دیکھے، بہت سے سانحات اور واقعات رونما ہوئے۔1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم کا نام لیے بغیر وسیم اکرم نے لکھا کہ اس وقت قیادت کرنے والے لیڈر بن گئے اور کچھ کرکٹزکوچز اور کمنٹیٹر بن گئے۔ دوسری جانب وسیم اکرم کی اہلیہ نے بھی 92 کے ورلڈ کپ کے دوران وسیم اکرم کی شاندار کارکردگی کا ایک مختصر ویڈیو شائع کرتے ہوئے لکھا کہ بلاشبہ یہ پاکستان کے لیے ایک ناقابل فراموش لمحہ تھا۔25مارچ کو تمام پاکستانیوں اورخاص طور پر کرکٹ اورشائقین کرکٹ کے لیے ایک سنہرا اور یادگار دن مانا جاتا ہے کیونکہ 1992 میں اس دن پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کرکٹ کا عالمی چمپئن بنا۔