ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان،حسن علی کی واپسی

   

کراچی ۔ ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی بابر اعظم ہی کریں گے جبکہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو زخمی ہونے کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں بابر اعظم، شاداب خان، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، شاہین آفریدی، محمد نواز، محمد رضوان، وسیم جونیئر، حسن علی، سعود شکیل، سلمان آغا اور اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان کو محفوظ کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس میں 18 رْکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حسن علی کو تجربے کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، بڑے ایونٹ میں تجربہ کار بولرکی ضرورت ہوتی ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ نسیم شاہ کا ٹیم میں نہ ہونا ہمار لیے نقصان ہے لیکن پْرامید ہیں کہ وہ جلد ہی ٹیم میں واپس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں دوسری ٹیموں کی نسبت ہم پر زیادہ دباؤ ہوتا ہے اس لیے دباؤ کو برداشت کرنے کا بھی مسئلہ ہوتا ہے انہی چیزوں کو دیکھتے ہوئے حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ کسی بھی کرکٹرکی زندگی میں اہم ترین ایونٹ ہوتا ہے، تمام کرکٹرز کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جو اپنی متاثر کْن کارکردگی کے سبب اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ اس ٹیم نے پچھلے چند برسوں کے دوران بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسی لیے ہم نے انہی کھلاڑیوں پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ یہ وقت ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی اور اس کی ہمت بڑھانے کا ہے جس کی ٹیم کو ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے ہندوستان میں شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 29 ستمبرکو حیدرآباد میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ جمعہ کو چیف سلیکٹر انضمام الحق کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں حسن زخمی فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ لیں گے۔ حسن جنہوں نے آخری بار جون 2022 میں ونڈے کھیلا تھا، اب شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کی فاسٹ بولنگ لائن اپ میں شامل ہوں گے۔ نسیم ایشیاکپ کے سوپر فور میں ہندوستان کے خلاف میچ کے دوران کندھے کے زخم کا شکار ہونے کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق، مکمل طبی معائنے اور معروف طبی ماہرین سے مشاورت کے بعد انہیں سرجری کروانے کا مشورہ دیا گیا ہے، جس میں متوقع صحت یابی کا وقت تین سے چار ماہ کا ہے۔ انضمام نے کہا کہ ہمیں نسیم شاہ کی بدقسمتی سے زخمی ہونے کی وجہ سے ایک تبدیلی کرنے پر مجبورکیا گیا۔ ہمیں حالیہ ایشیا کپ میں کچھ زخموں کا خوف تھا، لیکن مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں اور اہم ترین ٹورنمنٹ میں اپنے ملک کے لیے پرفارم کرنے کے لیے بے چین ہیں۔