حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ضلع ورنگل مستقر پر نقلی کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کرنے کی کوشش کرنے والے چار افراد کو صوبیداری پولیس نے گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے زائد از چھ لاکھ روپئے نقلی کرنسی نوٹوں کو ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ہنمکنڈہ گاندھی نگر سے تعلق رکھنے والے وینکٹیشورلو، بھونگیر منڈل کے موضع تاتا نگر سے تعلق رکھنے والے ایکا مبرم، حیدرآباد کے حیات نگر سے تعلق رکھنے والے سائی کمار پر مشتمل ٹولی نے گزشتہ ایک عرصہ سے نقلی کرنسی نوٹوں کا کاروبار کررہے ہیں۔ گزشتہ دن یہ ٹولی نقلی کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کیلئے آٹو میں سوار ہوکر جارہے تھے کہ پولیس کو اطلاع ملنے پر پولیس صوبیداری نے فوری حرکت میں آتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ ان گرفتار شدہ افراد کے قبضہ سے زائد از چھ لاکھ روپئے کرنسی نوٹوں کے علاوہ چار سیل فونس اور ایک آٹو رکشا کو ضبط کرلیا۔ بعد ازاں ان افراد کے خلاف کیس درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کیا۔