وزیراعظم جانے کس دنیا میں رہتے ہیں ؟

   

رافیل پر چیف منسٹر پاریکر کی بلیک میلنگ ،راہول کا دعویٰ
نئی دہلی ۔ /2 جنور ی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے ایک انٹرویو میں ان ریمارکس پر طنز کرتے ہوئے کہ رافیل معاملت میں ان پر کوئی سوالات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ، صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ پتہ نہیں پی ایم کس دنیا میں رہتے ہیں ؟ راہول نے وزیراعظم کو چیالنج بھی کیا کہ رافیل ، لڑاکا طیارہ یا کوئی بھی کلیدی مسئلہ پر ان کے ساتھ دوبدو مباحثے میں حصہ لیں ۔ صدر کانگریس نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے رافیل کے معاملے میں وزیراعظم کے ساتھ دوبدو بس 20 منٹ دیجئے پھر آپ فیصلہ کیجئے کہ حقیقت کیا ہے ۔لیکن وزیراعظم میں ہمت نہیں ہے ۔ راہول نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر رافیل معاملت میں وزیراعظم مودی کو بلیک میل کررہے ہیں ۔کیونکہ سابق وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پوری معاملت کی فائیل ان کے بیڈروم میں پڑی ہے ۔ ایک آڈیو کلپ کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں گوا کے ایک کابینی وزیر نے پاریکر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے پاس رافیل معاملت کی فائیل ہے ۔ صدر کانگریس نے کہا کہ گوا کے وزیر صاف طور پر کہہ رہے ہیں کہ پاریکر جی نے ایک کابینی اجلاس میں بتایا ہے کہ ان کے پاس تمام تفصیلات کے ساتھ رافیل معاملت کی مکمل فائیل موجود ہے اور اس لئے انہیں کسی بھی طرح پریشان نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ راہول نے کہا کہ اس طرح کہ دیگر آڈیو ٹیپس بھی ہوسکتے ہیں ۔